Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب فروغ برآمدات بینک قائم کرے گا

وزار ت صنعت نے معدنیات کے قانون کا مسودہ تیار کیا ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر
سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر بن ابراہیم بن عبداللہ الخریف کے مطابق سعودی عرب بہت جلد 30ارب ریال کے سرمائے سے فروغ برآمدات بینک قائم کرے گا۔ وزارت صنعت دو ارب ریال کی لاگت سے ایپلی کیشن موثر کرنے اورجیولوجیکل سروے مکمل کرنے میں لگی ہوئی ہے۔
العربیہ نیٹ نے سعودی وزیر صنعت کے حوالے سے بتایا ’ سعودی عرب میں ہر ماہ 50 تا 70 فیکٹریاں کھل رہی ہیں۔ معدنیات کے شعبے میں بہت زیادہ امیدیں ہیں۔ یہ مستقبل کی صنعت میں معاون بنیں گی۔

سعودی عرب چوتھے صنعتی انقلاب پر زیادہ زور دے رہا ہے۔فوٹو: العربیہ 

الخریف نے سوئٹزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے موقع پر کہا’ جلد معدنیات کا نیا قانون جاری کیا جائے گا۔ اس سے سرمایہ کاروں کو واضح تصور ملے گا۔ معدنیات میں طویل المیعاد سرمایہ کاری زیادہ شفافیت چاہتی ہے‘۔ 
بندر الخریف نے کہا ’ سعودی عرب چوتھے صنعتی انقلاب پر بہت زیادہ زور دے رہا ہے۔ مالیاتی وسائل کی بدولت ٹیکنالوجی درآمد کرنے اور صنعت کے فروغ میں اسے لگانے کی پوزیشن میں ہے۔ وزار ت صنعت نے معدنیات کے قانون کا مسودہ تیار کیاہے۔ مجلس شوریٰ اس پر حتمی نظر ڈال رہی ہے‘۔
الخریف نے مزید کہا’ نجی صنعتوں کو پانچ برس تک غیر ملکی کارکنان پر مقرر فیس سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ یکم اکتوبر 2019 سے اس پر عمل درآمد شروع ہوچکا ہے یہ فیصلہ سعودی کابینہ نے ستمبر 2019 کو کیا تھا‘۔
 

شیئر: