Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی گریجویٹ نے درخت کی شاخوں سے دلکش ڈیکوریشن پیس بنا لیے

کئی لکڑیاں ایسی ہیں جن پر نقش و نگار آسانی سے کیا جاسکتا ہے- (فوٹو العربیہ)
سعودی گریجویٹ نایف المتحمی نے درخت کی شاخوں کو خوبصورت ڈیکوریشن پیسز میں ڈھال دیا ہے۔
نایف المتحمی نے درختوں اور قدرتی ماحول سے فطری پیار کو نئے رنگ و روپ میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق المتحمی نے درختوں سے اپنے پیار کا قصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ لگ بھگ 5 برس پہلے کی بات ہے جب ان کے رشتے دار گھریلو تقریب میں شرکت کے لیے آئے۔ تب انہوں نے مجلس کو خوب اچھی طرح سے سجایا تھا۔ جسے دیکھ کر سب لوگ حیران رہ گئے۔ ’ہر ایک نے انٹرنل ڈیکوریشن  کے حوالے سے میرے خوبصورت ذوق کی تعریف کی۔ تعریفی جملوں نے میرے اندر کچھ نیا کرنے کی امنگ  پیدا کی۔‘

نایف المتحمی نے اپنے فن کا آغاز 5 سال قبل کیا تھا- (فوٹو العربیہ)

المتحمی نے بتایا کہ اس تقریب کے بعد  ڈیکوریشن کی تعلیم پیشہ ورانہ انداز میں حاصل کرنے کا عزم کیا۔ درخت کی لکڑی سے میزیں بنائیں اور دو برس قبل میزوں کو نیا روپ دیا۔ ’میرا سب سے پیارا اور مکمل کام بہن کے لیے بیڈ روم کا تھا، جسے میں نے نئے انداز سے تیار کیا تھا۔‘
مزید کہا کہ ’میرا بنایا ہوا بیڈ روم نہ صرف یہ کہ رشتے داروں اور احباب کے حلقے میں پسند کیا گیا بلکہ دور دراز کے جاننے والوں میں جس نے بھی دیکھا وہ تعریف کیے بنا نہ رہ سکا۔‘

 نایف نےدو برس قبل میزوں کو نیا روپ دیا- (فوٹو العربیہ)

انہوں نے بتایا کہ ’اس کے بعد سے طے کیا کہ درختوں کی شاخوں سے گھریلو تزئین و آرائش کا سامان تیار کروں گا۔ ڈیکوریشن میں لکڑیوں سے خاص حسن کا اضافہ ہوتا ہے۔ لکڑیوں سے تیار کردہ آرائشی اشیا  دل، دماغ اور نظر تینوں کو بھاتی ہیں۔ میں الطلح نامی ان درختوں کی لکڑیاں استعمال کرتا ہوں جو کم از کم 200 برس پرانی ہوتی ہیں۔‘
سعودی نوجوان نے بتایا کہ لکڑیوں کا ایک فائدہ یہ ہے کہ آسانی سے مل جاتی ہیں ٹھوس ہوتی ہیں اور ان میں موسمی تغیرات برداشت کرنے کی طاقت ہوتی ہے۔ ان کی کانٹ چھانٹ آسان ہوتی ہے۔ لکڑیاں فرش، دیواروں کے لیے آرائشی اشیا میں خوبصورتی کے ساتھ استعمال کرلی جاتی ہیں۔ لکڑی والے ڈیکورینش کی ایک خوبی یہ ہے کہ اس سے جگہ کھلی کھلی لگتی ہے۔

لکڑیوں سے تیار کردہ آرائشی اشیا دل، دماغ اور نظر کو بھاتی ہیں- (فوٹو العربیہ)

المتحمی نے بتایا کہ وہ کئی قسم کی لکڑیاں استعمال کرتے ہیں۔ بعض لکڑیاں ایسی ہوتی ہیں جو روشنی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس کی وجہ سے مختلف شکل و صورت اجاگر کرنے میں بڑا لطف آتا ہے۔ کئی لکڑیاں ایسی ہیں جن پر نقش و نگار آسانی سے کیا جاسکتا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: