Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج وعودہ نکلوا لیا، تاریخ میں تبدیلی کیسے کرائیں؟

تاریخ تبدیل کرانے کےلیے لازمی ہے کہ پہلے والے ویزےکو کینسل کرایا جائے (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہے ان سے آگاہی ضروری ہے۔ 
کورونا وبا کے پیشِ نظر دنیا کے 20 ملکوں کے مسافروں پر سعودی عرب آنے کی عارضی پابندی کے بعد سے متعدد افراد کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ کیا وہ چھٹی پر جا سکتے ہیں اگر جائیں تو واپسی کی صورت کیا ہوگی؟۔
 احمد عبدالاحد جو سائق خاص (گھریلو ڈرائیور) ہیں اور انہوں نے چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ حاصل کیا ہے۔
 محکمہ پاسپورٹ ( جوازات) سے جاننا چاہتے ہیں کہ ان کی چھٹی ایک ماہ کی ہے۔ اگر چھٹی پر نہ جائیں تو کیا خروج وعودہ کینسل کرانا ہوگا یا از خود کینسل ہو جائے گا؟ 
 اس استفسار کے جواب میں جوازات کا کہنا ہے کہ ’آپ کو چاہئے کہ اگر خروج وعودہ ویزا استعمال نہ کریں تو اسے وقت مقررہ کے اندر کینسل کرا دیں بصورت دیگر کینسل نہ کرانے پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے‘۔ 
واضح رہے جوازات کے قانون کے مطابق خروج وعودہ ویزا لگانے کے بعد اسے استعمال نہ کرنے پر کینسل کرانا ضروری ہوتا ہے۔  
ایگزٹ ری انٹری ویزا استعمال نہ کرنے پر ازخود کینسل نہیں ہوتا اگر اسے کینسل نہ کرایا جائے تو ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ 
خروج وعودہ ویزے کی مدت کے حوالے سے پوچھا گیا ہے کہ ’کیا خروج وعودہ کی تاریخ میں تبدیلی کرائی جا سکتی ہے؟۔
محکمہ پاسپورٹ کے ٹوئٹر پر اس حوالے سے بتایا گیا کہ خروج وعودہ ’ایگزٹ ری انٹری‘ ویزا جاری کرانے کے بعد اس کی مدت میں تبدیلی ممکن نہیں کیونکہ جو مدت ویزا جاری کراتے وقت دی گئی تھی وہی مدت سسٹم میں فیڈ کر دی جاتی ہے۔

نئے پاسپورٹ کا ڈیٹا فیڈ کرنے کے لیے’ابشر‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ (فوٹو: عاجل)

 جوازات کے ذرائع کا کہنا تھا کہ خروج وعودہ ویزے میں تاریخ تبدیل کرنا ممکن نہیں۔ اگر خروج وعودہ کی تاریخ تبدیل کرانی ہو تو اس کے لیے لازمی ہے کہ پہلے والے ویزےکو کینسل کرایا جائے۔ بعد ازاں دوسرا ویزا حاصل کرنے کے لیے مقررہ فیس ادا کرکے دوسری مرتبہ ویزا جاری کرایا جائے۔ 
ادھر محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے نئے پاسپورٹ کا ڈیٹا فیڈ کرنے کے لیے ’ابشر‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس بارے میں ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹراکاونٹ پر اس کا طریقہ کار دریافت کیا ہے۔
جوازات کے ذرائع نے اس کی وضاحت میں بتایا ہے کہ ’نئے پاسپورٹ کی انٹری جسے عربی میں ’نقل معلومات‘ کہا جاتا ہے جوازات کے سسٹم میں کرنے کے لیے ابشر پرسہولت فراہم کی گئی ہے‘ ۔
کارکنوں کے نئے پاسپورٹ کی انٹری کمپنی یا کفیل کے ابشر یا مقیم اکاونٹ سے کی جائے گی تاہم کارکنوں کے اہل خانہ کے پاسپورٹ کی انٹری سربراہ خانہ کے ابشر اکاونٹ سے کی جا سکتی ہے۔
ابشر اکاونٹ میں لاگ ان کرنے کے بعد ’خدمات‘ کے آپشن کو اوپن کرکے وہاں ’تحدیث معلومات جوازسفر‘ کے آپشن کوکلک کرکے نئے پاسپورٹ کا نمبر اور ایکسپائری کی تاریخ فیڈ کی جا سکتی ہے۔ 
یاد رہے کہ نئے پاسپورٹ کا ڈیٹا جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنے کے لیے قبل ازیں ادارے سے رجوع کرنا پڑتا تھا جس میں کافی دشواری ہوتی تھی۔ 

شیئر: