Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایس او پیز کی پابندی کی جائے تو کرفیو نہیں لگے گا: وزارت داخلہ 

کووڈ 19 سے متعلق افواہیں پھیلانے والے کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔(فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی میعاد میں توسیع صحت حکام کے مطالبے پر کی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق الشلھوب نے اتوار کو نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا سے بچاؤ اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کا فیصلہ متعلقہ حکام کریں گے۔
اگر عوام نے کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کی تو ایسی صورت میں کرفیو ہرگز نہیں لگایا جائے گا۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ کووڈ 19 سے متعلق افواہیں پھیلانے والے کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ اگر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے حوالے سے لگائے جانے والے جرمانے یا کسی سزا پر کسی کو کسی قسم کا اعتراض ہو تو وہ ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے اپنا اعتراض ریکارڈ کراسکتا ہے۔ 
یاد رہے کہ کہ اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے انسداد کے لیے اختیار کی جانے والی سخت حفاظتی تدابیر میں 20 دن کی توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔
سعودی عرب میں  کورونا کے نئے کیسز رواں ماہ مسلسل 300 سے زیادہ سامنے آرہے ہیں۔ 
 وزارت صحت کی جانب سے  جاری بیان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ’ اتوار کو گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 322 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 382 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔‘
 

شیئر: