Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ کی تجدید اور ویزے کی مشکلات جیسے مسائل پر’رسائل والطلبات‘ سے کیسے مستفیض ہوں؟

’رسائل والطلبات‘ کا مقصد لوگوں کو ان کے گھروں پر رہتے ہوئے ہی خدمات فراہم کرنا ہے: فوٹو جوازات
سعودی اداروں نے گزشتہ برس سے ڈیجیٹل سروسز پر خاصی توجہ دی جس کے ذریعے لوگوں کے سرکاری معاملات گھر بیٹھے ہی مکمل کیے جاتے ہیں۔ 
مملکت میں ’جوازات‘ کا ادارہ کافی اہم ہے جس کے ذمہ شہریوں کے پاسپورٹ جبکہ غیر ملکیوں کے اقامہ کا اجرا اور تجدید کے علاوہ انہیں سفر پر جانے کےلیے ایگزٹ ری انٹری ویزہ کا اجرا شامل ہے۔ 
کورونا کی وبا سے قبل جب معمولات زندگی نارمل تھے ہر ادارہ اپنے طور پرکام کررہا تھا جہاں لوگ اپنی ضروریات کے مطابق اداروں سے رجوع کرکے مسائل کوحل کراتے تھے مگر کورونا کی وبا کے دوران تمام معمولات زندگی جیسے رک گئے۔
ایسے میں جوازات کی جانب سے ’ڈیجیٹل سروسز‘ میں مزید سہولتوں کا اضافہ کیا تاکہ لوگ اپنے ایسے قانونی اور اقامتی مسائل جو خود کار طریقے سے حل نہیں ہو سکتے انہیں حل کرانے کےلیے جوازات کے دفتر نہ آئیں بلکہ اپنے گھروں سے ہی انہیں حل کرائیں۔ 
رسائل والطلبات 
جوازات کی جانب سے ’رسائل والطلبات‘ کی سروس کا مقصد بھی یہی تھا کہ لوگوں کو ان کے گھروں پر رہتے ہوئے ہی ایسی خدمات فراہم کی جائیں جو قبل ازیں ادارے سے رجوع کرکے ہی حل کرائی جاتی تھیں۔ 
رسائل و الطلبات کے لفظی معنی ’خطوط اور ڈیمانڈ‘ کے ہیں تاہم یہاں یہ دوالفاظ کافی وسیع مفہوم کے حامل ہیں۔
اس سروس کے ذریعے متعدد مسائل حل کیے جاسکتے ہیں جن کے حل کے لیے انسانی عنصر کی شمولیت ضروری ہوتی ہے۔ 
رسائل والطلبات کی سروس جوازات کے ابشر پورٹل پر مہیا کی جاتی ہے۔ ابشر پورٹل کے بارے میں اس سے قبل واضح طور پر بیان کیا جا چکا ہے۔ 
یہ سروس حاصل کرنے کےلیے ضروری ہے کہ جس شخص کا ابشر پورٹل استعمال کیاجا رہا ہو معاملہ اسی سے متعلق ہے یہ ممکن نہیں کہ کسی دوسرے کے ابشر سے کسی اور کا معاملہ ارسال کیا جائے۔ 
رسائل کی سروس حاصل کرنے کے لیے مقررہ شرائط کو پورا کرنا لازمی ہے جس کے لیے مطلوبہ معاملے کی مختصر طورپر وضاحت اور درکار دستاویزات پی ڈی ایف فارمیٹ میں اپ لوڈ کی جائیں (اگردستاویزات موجود ہوں)۔
اس سروس سے معلومات یعنی انفارمیشن حاصل نہیں کی جاتی یہ سروس صرف معاملات کو حل کرنے کے لیے لانچ کی گئی ہے۔ 
کون سے معاملات حل کیے جا سکتے ہیں؟

رسائل کی سروس حاصل کرنے کے لیے مقررہ شرائط کو پورا کرنا لازمی ہے: فائل فوٹو سبق

ابشر کے پورٹل پرفراہم کی جانے والی اس سروس سے مندرجہ ذیل معاملات حل کیے جا سکتے ہیں جن سے بیشترافراد کو روزمرہ کا سامنا ہوتا ہے۔ 
1 ۔ اقامہ کی تجدید اور دیگر مسائل  
2 ۔ ویزوں کے بارے میں درپیش مشکلات 
3 ۔ نئے پاسپورٹ کی جوازات کے سسٹم میں انٹری جسے ’نقل معلومات ‘ کہا جاتا ہے۔ 
4۔  کفالت کی تبدیلی کے بارے میں دشواریاں یا پیشہ کی تبدیلی کے لیے فنی مسائل۔ 
5 ۔ خروج وعودہ پر جاکر واپس نہ آنے والوں کے ویزے کینسل کرانا جسے ’خرج ولم یعد ‘ کہا جاتا ہے۔ 
6 ۔ ہروب کو مقررہ مدت کے اندر کینسل کرانا۔ 
7 ۔ نومولود کی انٹری کرانا ۔ 
یہ اہم نکات مذکور سروس ’رسائل و الطلبات ‘ کے ذریعے وہ گھر بیٹھے حل کیے جاسکتے ہیں۔  

شیئر: