Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبوک: موسمی حالات کے سبب ہلال الاحمر کےاضافی یونٹس تعینات

ہلال الاحمر کےامدادی یونٹس 24 گھنٹے کی بنیاد پر خدمات انجام دیتے ہیں(فوٹو، سبق)
تبوک ریجن میں موسمی تبدیلی کے پیش نظر ہلال الاحمر کے امدادی یونٹس کو ہنگامی حالت کےلیے تیارکردیاگیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کے حوالے سے ہلال الاحمر کے اضافی یونٹس کو بھی  پر تعینات کردیاگیا۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ہلال الاحمر کے ریجنل ترجمان محمد العنزی کا کہنا ہےکہ تبوک ریجن میں متوقع بارش اور برفباری کے پیش نظر مختلف مقامات پر25 ہنگامی امدادی مراکز موجود ہیں جبکہ غیر معمولی موسمی حالات کے سبب 7 اضافی یونٹس بھی تیار کیے گئے ہیں جن کوتبوک شاہراہ پر ’حقل‘ کمشنری اور مرکز ’الزیتہ‘ ’علقان‘ املج اور الوجہ کے علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔

برفباری سے سردی کی لہر میں مزید اضافے کا امکان ہے (فوٹو، ایس پی اے)

ریجنل ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہلال الاحمر کے مرکزی کنٹرول روم میں بھی اضافی عملے کو متعین کیاگیا ہے جہاں 24 گھنٹے کی بنیاد پر خدمات انجام دی جاتی ہیں۔
ہلال الاحمر کے ٹول فری نمبر997 کے علاوہ سوشل میڈیا پر ’اسعفنی‘ ایپ کے ذریعے بھی مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ متوقع غیر معمولی موسمی حالات کے پیش نظر لوگوں کو چاہئے کہ وہ سفر کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سیلابی ریلے کی گزر گاہوں سے دور رہیں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہلال الاحمر کے ٹول فری نمبر پر فوری طور پر رابطہ کیاجاسکتا ہے جہاں امدادی یونٹ ہمہ وقت مستعد ہیں۔
واضح رہے ان دنوں مملکت کے مختلف علاقے سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ تبوک میں پارہ منفی 10 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ تبوک اور دیگر ریجنز میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہے گا جس سےسردی کی لہر مزید اضافے کا امکان ہے۔

شیئر: