طریف اور القریات میں بھی برفباری ہوگی (فوٹو: ایس پی اے)
شام، فلسطین، لبنان اور اردن میں سردی کی زبردست لہر آئی ہوئی ہے جبکہ ان ممالک میں برفانی طوفان کے اثرات سعودی عرب تک پہنچ گئے ہیں-
العربیہ کے مطابق چاروں ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لینے والے برفانی طوفان کو ’جویس‘ کا نام دیا گیا ہے- یہ گذشتہ برسوں کے دوران آنے والا سب سے بڑا برفانی طوفان ہے- اس کے ساتھ گرج چمک اور موسلا دھار بارشیں ہورہی ہیں- برفباری کا سلسلہ چل رہا ہے اور سیلاب بھی آ رہا ہے- برفباری 1100 میٹر تک پہنچنے کا امکان ہے-
سعودی عرب میں ناقابل یقین مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں- دنیا بھر میں اونٹوں کو صحرائی سفینہ کہا جاتا ہے- اونٹوں پر برفباری سے سفید تہہ جم گئی ہے- تبوک کے مشرق اور مغرب میں اونٹوں پر برف کی تہہ کے مناظر عام ہو گئے ہیں-
مقامی شہریوں نے سوشل میڈیا پر برفباری کے مناظر پر مشتمل ویڈیو کلپس پھیلا دیے- جن میں نظر آرہا ہے کہ شمالی سعودی عرب پر زبردست برفباری ہو رہی ہے- بیٹھے ہوئے اونٹوں پر برف کی تہہ جمی ہوئی ہے-
ایک اور ویڈیو کلپ کا تعلق تبوک کی شمال مغربی تحصیل علقان سے ہے- جہاں زبردست برفباری کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں-
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کے ساتھ ’جویس‘ کا سلسلہ جمعے تک جاری رہے گا-
اس سے قبل ماہر موسمیات حسن کرانی نے ٹوئٹر پر بتایا کہ سعودی عرب کے شمال مغربی علاقوں، ساحلوں اور حدود شمالیہ میں برفباری کا سلسلہ آئندہ بدھ تک جاری رہے گا-
کرانی نے مزید بتایا کہ طریف اور القریات میں بھی برفباری ہوگی جبکہ مصر بھی اس کی زد میں ہوگا- سب لوگ شدید سردی کی لہر سے بچنے کے لیے گرم ملبوسات کا استعمال کریں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں