Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل افتتاحی تقریب: ’بڑی چائنہ والی فیلنگ آ رہی ہے‘

پی ایس سکس کی ٹرافی کا ڈیزائن گزشتہ سیزن والا ہی رکھا گیا ہے (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کی افتتاحی تقریب کے لیے انتظام پی ایس ایل سکس کے ابتدائی راؤنڈ کے میزبان نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اندر کیا گیا تھا جب کہ سوشل میڈیا ٹائم لائنز اس سے ہٹ کر الگ ہی رنگ اپنائے رہیں۔
افتتاحی تقریب شروع ہوتے ہی ٹوئٹر ٹرینڈز لسٹ میں ’پی ایس ایل 2021‘ ٹرینڈ بنا تو ساتھ ہی تقریب اور اس کے انتظامات پر تبصرے بھی شروع ہو گئے۔ یہ گفتگو کہیں تعریف کے انداز میں آگے بڑھی تو کہیں تنقید کے گہرے رنگ اپنائے رہی۔
افتتاحی تقریب کے معیار اور اس میں پیش کیے گئے مواد پر ماہرانہ تبصرے ہوئے تو پسندیدگی اور ناپسندیدگی کے ملے جلے جذبات بھی گفتگو کا حصہ بنائے گئے۔
افتتاحی تقریب شروع ہونے کے بعد جونہی عاطف اسلم کی پرفارمنس شروع ہوئی تو ساتھ ہی انہیں پسند کرنے والوں کی جانب سے سراہنے اور گانے سے مطمئن نہ ہو سکنے والوں کی جانب سے مایوسی کے اظہار کا سلسلہ چل پڑا۔ کسی نے تقریب کی سٹریمنگ، ریکارڈنگ کوالٹی اور اس کے انداز تنقید کی تو کسی کو شکوہ رہا کہ عاطف اسلم کی گانے پر لپسنگ بہت غیرمعیاری ہے۔

تقریب کا مجموعی معیار بھی زیربحث آیا۔ پی ایس ایل سکس کے باقاعدہ آغاز کی خوشی منانے والے صارفین میں سے کچھ کو افتتاحی تقریب میں پیش کردہ مواد پسند نہ آیا تو کہا گیا کہ اسے دیکھ کر چائنہ والی فیلنگ آ رہی ہے۔

کسی نے ’آج دیکھے گا کراؤڈ گروو میرا ٹی وی تے‘ کا نعرہ لگایا تو کوئی پی ایس ایل سکس کا افیشل ترانہ ٹیلی ویژن سکرینز پر سن کر محظوظ ہوا۔

فائزہ خان نامی صارف نے افتتاحی تقریب کو جلدی جلدی میں کیا گیا کام قرار دیا تو شکوہ کیا کہ ’ایسے لگتا ہے کہ انہیں علم تھا کہ پی ایس ایل 2021 شروع ہونے کو ہے‘۔

سوشل ٹائم لائنز پر ہونے والے گفتگو میں ایسا نہیں تھا کہ سبھی تنقید ہی کرتے رہے۔ کچھ صارفین کو اپنے پسندیدہ ستاروں کی پرفارمنس بھائی تو انہوں نے اظہار کیا۔

کرکٹ شائقین کو افتتاحی تقریب پسد آئی تو انہوں نے کھل کر اس کا اظہار بھی کیا۔ میاں عمر نامی ایک صارف نے ابتدائی لمحات کے ساتھ محبت محسوس کیا تو اپنی ٹویٹ کے ذریعے اس کا اعتراف کر ڈالا۔

نوجوان نسل میں پسند کیے جانے والے فنکاروں آئمہ بیگ اور عاطف اسلم کی تقریب میں موجودگی شائقین کو بھائی تو کہا گیا کہ یہی وجہ ہیں کہ نصف پاکستان نے افتتاحی تقریب دیکھی ہے۔

جواں سال کرکٹ شائقین ہی نہیں بلکہ ہر عمر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے پاکستان سپر لیگ میں دلچسپی لی تو سوشل ٹائم لائنز پر ہونے والے تبصروں میں یہ بات نمایاں رہی۔
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر پی ایس ایل کے لیے پاکستان پہنچنے والے آسٹریلین کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔

پی ایس ایل کی تقریب کے فورا کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان چھٹے سیزن کا پہلا میچ شروع ہوا۔

شیئر: