Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے زیادہ بہتر ہے: ڈیل سٹین

ڈیل سٹین کا کہنا ہے آئی پی ایل میں کرکٹ کو بھلا دیا جاتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل سٹین نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل کی نسبت زیادہ بہتر ہے۔
منگل کو کرکٹ پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیل سٹین کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے دنیا کی سب سے مہنگی لیگ آئی پی ایل سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور لنکا پریمیئر لیگ ( ایل پی ایل) کو زیادہ بہتر پایا ہے۔‘
ڈیل سٹین جو کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا حصہ ہیں، نے آئی پی ایل کے حوالے سے بتایا کہ ’آئی پی ایل کے مالی پہلو پر زیادہ زور دینے کا مطلب ہے کہ کرکٹ کو بھلا دیا جاتا ہے۔‘

 

جنوبی افریقن فاسٹ بولر نے رواں سال آئی پی ایل نہ کھیلنے کے حوالے سے بتایا کہ ’اس کی وجہ اس کا طویل دورانیہ ہے۔‘
انہوں نے دنیا کی سب سے مہنگی لیگ کے حوالے سے کہا کہ ’جب آپ آئی پی ایل میں جاتے ہیں تو وہاں اتنے بڑے سکواڈ اور اتنے بڑے نام ہیں اور ساتھ ہی کھلاڑیوں کی کمائی پر بہت زور ہے کہ اس سب میں کرکٹ کہیں بھلا دی جاتی ہے۔‘
انہوں نے پی ایس ایل اور ایل پی ایل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’یہاں کرکٹ کی اہمیت ہے۔‘

ڈیل سٹین نے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤٖف کی تعریف کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ڈیل سٹین نے مسلسل بہترین فاسٹ بولرز پیدا کرنے پر پاکستان کی تعریف کی ہے جبکہ انہوں نے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤٖف کو بھی سراہا ہے۔
دونوں پاکستانی فاسٹ بولرز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’میری گذشتہ سال شاہین شاہ آفریدی سے بات ہوئی تھی، جو شاندار تھی، جبکہ حارث رؤف میلبرن سٹار میں میرے ساتھ تھے، میں ان سے بہت متاثر ہوا ہوں۔‘
ڈیل سٹین نے انٹرویو میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بھی تعریف کی۔
بابر اعظم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’وہ ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور انہیں آؤٹ کرنا یا ان کو بولنگ کروانا ایک بڑا موقع ہے۔‘
خیال رہے کہ ڈیل سٹین بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ ان کا شمار ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے بہترین فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے اور وہ 439 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

شیئر: