پی ایس ایل، سٹیڈیم میں 50 فیصد شائقین کو داخلے کی اجازت
پی ایس ایل، سٹیڈیم میں 50 فیصد شائقین کو داخلے کی اجازت
جمعرات 25 فروری 2021 18:50
چیف ایگریکٹیو پی سی سی وسیم خان نے سٹیڈیم میں جانے والوں سے ایس او پیز پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ سکس میں شامل کراچی کے آئندہ میچوں کے لیے 50 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی اوسی) کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایونٹ میں شامل لاہور میں کھیلے جانے والے میچز سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’کراچی میں کھیلے جانے والے میچوں کے لیے ٹکٹ کی آن لائن فروخت آج رات 10 بجے سے شروع ہو جائے گی۔‘
بک می ڈاٹ پی سے ٹکٹ آن لائن لیے جا سکیں گے جبکہ 03137786888 نمبر پر کال کر کے بھی ٹکٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ فینز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا اثاثہ ہیں اور ان کی موجودگی کے بغیر یہ ایونٹ نامکمل ہے۔ اس پس منظر میں پی سی بی این سی او سی کا مشکور ہے۔
وسیم خان کے مطابق یہ ایک ابتدائی اجازت ہے تاہم اس دوران تماشائیوں کی جانب سے کوویڈ 19 پروٹوکولز پرعملدرآمد سمیت مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی لاہور لیگ کے میچز سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال لاہور لیگ کے لیے 20 فیصد تماشائیوں کے لیے ٹکٹس آن لائن دستیاب ہوں گے، جس میں اضافہ پی سی بی کے لاہور لیگ میں تماشائیوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔
انہوں نے سٹیڈیم میں جانے والوں سے ایس او پیز پر عمل کرنے کی درخواست بھی کی۔
پریس ریلیز میں این سی او سی سے مںظورشدہ ایس او پیز کا ذکر بھی کیا گیا ہے جو یہ ہیں۔
ماسک کے بغیر داخلہ نہیں ہو گا، سیٹ پر بیٹھے ہوئے بھی ماسک پہنے رکھیں۔ داخلے کے وقت عملے سے اپنے سٹینڈز کے حوالے مکمل معلومات حاصل کریں۔
اگر کورونا کی کوئی علامت ہے تو سٹیڈیم کا رخ نہ کریں۔ اگر سٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے کوئی علامت ظاہر ہو تو فوری انتظامیہ کو مطلع کریں۔
سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے اور ببل میں کسی بھی فرد سے دور رہا جائے۔
سوائے واش روم جانے کے کوشش کریں کہ اپنی نشست پر موجود رہیں۔ ہاتھوں کو بار بار سینیٹائز کرتے رہیں۔ کھانسی یا چھینکتے وقت چہرے کو ڈھانپ لیں، ناک اور چہرے کو چھونے سے گریز کریں۔
سٹیڈیم میں تھوکنے پر پابندی ہے، میڈیکل ماسک پہننا لازمی ہو گا، سٹیڈیم میں میڈیکل ماسک موجود ہوں گے۔