Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں اسلام، عیسائیت اور ہندومت کے ساتھ پلی بڑھی ہوں‘

پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ وہ ایک اعلیٰ طاقت پر ایمان رکھتی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے مذہبی خیالات اور انڈیا میں بچپن میں اپنی سیکولر پرورش کے بارے میں بتایا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق پریانکا چوپڑا کے اوپرا ونفرے کو دیے گئے انٹرویو کے نئے پرومو میں وہ اپنی زندگی پر عیسائیت، اسلام اور ہندو مت کے اثرات کے بارے میں بات کرتی نظر آئی ہیں۔
پریانکا چوپڑا اس مشہور و معروف ٹیلی ویثرن شو میں حال ہی میں چھپنے والی آپ بیتی ’ Unfinished‘ کی تشہیر کے لیے گئی تھیں۔
پرومو میں اوپرا ونفرے کہتی نظر آتی ہیں کہ کیسے اس کتاب کے مطالعے نے انہیں انڈیا میں گزارے گئے وقت کی یاد دلا دی۔
انہوں نے پریانکا چوپڑا سے انڈیا کی ’روحانی قوت‘ کے حوالے سے بات کی اور پوچھا کہ کیا ان کی ’روحانی بنیاد‘ ہے۔
اس کے جواب میں پریانکا چوپڑا نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ میں اس تحربے سے گزری ہوں۔ آپ ٹھیک کہتی ہیں۔ ہمارے ہاں کافی مذاہب ہیں جن کے ساتھ ہم ملک میں رہتے ہیں۔‘
’میں ایک کانوینٹ سکول میں پلی بڑھی ہوں۔ میں عیسائیت سے واقف ہوں۔ میرے والد ایک مسجد میں گاتے تھے، تو میں اسلام سے واقف ہوں۔ میرا تعلق ایک ہندو خاندان سے ہے تو میں اس سے بھی واقف ہوں۔ روحانیت انڈیا کا اتنا بڑا حصہ ہے کہ آپ اسے نظر انداز نہیں کر سکتے۔‘
بالی ووڈ کی نامور اداکارہ نے اپنے والد ڈاکٹر اشوک چوپڑا کے حوالے سے بتایا کہ ’انہوں نے ہمیشہ مجھے سکھایا کہ تمام مذاہب ایک ہی خدا کی طرف جاتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں ایک ہندو ہوں۔ میں دعا کرتی ہوں، میرے گھر میں ایک مندر ہے۔ میں جب بھی ہو سکتا ہے یہ کرتی ہوں۔‘
’لیکن سچ یہ ہے کہ میں یقین رکھتی ہوں کہ اعلیٰ طاقت موجود ہے اور میرا اس پر ایمان ہے۔‘
پریانکا چوپڑا کا یہ انٹرویو 24 مارچ کو ڈسکوری پلس پر نشر ہو گا۔

شیئر: