Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب ماحول دوست توانائی میں دنیا کی قیادت کرے گا، ریما بنت بندر 

ماحول دوست توانائی کے شعبے میں ساڑھے 7 لاکھ سے زیادہ آسامیاں پیدا ہوں گی
امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے کہا ہے کہ سعودی عرب ماحول دوست توانائی کے میدان میں پوری دنیا کی قیادت کرے گا۔
سعودی وژن 2030  سعودی خواتین کو بااختیار بنانے اور تمام شعبوں میں ان کی  صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی مہم چلائے  ہوئے ہے-
مملکت میں خواتین، مردوں جیسے محنتانے حاصل کررہی ہیں جبکہ مغربی دنیا میں دونوں صنفوں کے درمیان محنتانے میں فرق کیا جارہا ہے- 
العربیہ نیٹ کے مطابق شہزادی ریما بنت بندر نے سعودی، امریکی بزنس لیڈر شپ ورچول فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا کورونا وبا سے طاقتور اور سربلند ہوکر چھٹکارا حاصل کرنا چاہتی ہے تو اسے سب کے ساتھ برابری کا معاملہ کرنا ہوگا- سب کو روشن مستقبل کے حصول کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی- 
شہزادی ریما نے کہا کہ سعوی عرب وژن  2030 کے پروگراموں میں خواتین کو معاشرے میں بااختیار بنانے اور سب کے درمیان برابری کا رشتہ قائم کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے- 

سعودی جامعات میں زیر تعلیم خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے(فوٹو، العربیہ)

واشنگٹن میں متعین سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی حکومت مملکت میں جو اصلاحات لا رہی ہے وہ زیادہ جامع اور زیادہ موثر ہیں- ثبوت یہ  ہے  کہ ان اصلاحات سے نہ صرف یہ کہ خواتین کی زندگی کا طرز بدلا ہے بلکہ مملکت بھر میں فیملی لائف کا انداز تبدیل ہوگیا ہے- 
ریما بنت بندر نے کہا کہ سعودی جامعات میں زیر تعلیم خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے- مزید خواتین اعلی ڈگریاں حاصل کررہی ہیں- 
ریما بنت بندر نے کہا کہ سعودی عرب میں خواتین، مردوں جیسا محنتانہ حاصل کررہی ہیں جبکہ مغربی دنیا میں اب تک خواتین کو یہ سہولت نصیب نہیں ہوئی- 
ریما بنت بندر نے کہا کہ  بہت جلد  سعودی وژن 2030 کی پانچویں سالگرہ منائی جائے گی- سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان  وژن 2030 کے خالق ہیں- یہ سعودی معیشت کے ڈھانچے کی تنظیم نو اور معاشی وسائل میں تنوع پیدا کرنے کا جرات مندانہ پلان ہے- اس کے تحت سعودی عرب تیل پر انحصار کے بجائے اقتصادی وسائل میں تنوع پیدا کررہا ہے اور ٹیکنالوجی نیز پائدار ترقی کو گلے لگا رہا ہے- 
ریما بنت بندر نے کہا کہ سعودی عرب 50 فیصد بجلی 2030 تک تجدد پذیر توانائی کے ذرائع سے  حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے- اس پلان کے تحت ماحول دوست توانائی کے شعبے میں ساڑھے 7 لاکھ سے زیادہ آسامیاں پیدا ہوں گی- رواں عشرے کے آخر تک سعودی عرب 60 گیگا واٹ ماحول دوست توانائی کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوجائے گا- 
ریما بنت بندر نے کہا کہ وژن 2030 میں سیاحتی پروگراموں  کو بڑا حجم دیا جارہا ہے- آئندہ دس برس کے دوران سیاحتی منصوبوں پر  800 ارب ڈالر سے زیادہ لگائے جائیں گے- سالانہ  100 ملین سے  زیادہ سیاحوں کا ہدف حاصل کیا جائے گا- 2030 تک سیاحت سے دس فیصد تک مجموعی قومی پیداوار حاصل کی جائے گی
 

شیئر: