Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی گرین انیشیٹیو، پاکستان کی شراکت کی خواہش، تعاون کی پیشکش

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے گرین انیشیٹیو کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پیر کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو ٹیلیفون کیا اور وزیر اعظم کی خیریت دریافت کی۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیے گئے ’گرین سعودی اقدام‘ اور ‘گرین مڈل ایسٹ اقدام‘ کی تعریف کی۔
عمران خان نے پاکستان کے’ 10 بلین ٹری سونامی‘ پراجیکٹ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ایکو سسٹم کو بحال کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ایک خط کے ذریعے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے گرین انیشیٹیو کو قابل ستائش قرار دیا تھا جس کے تحت مملکت اور مشرق وسطیٰ میں ماحول کو سرسبز بنانے کا آغاز کیا گیا ہے۔
عمران خان نے اس اقدام کو نہایت مثبت اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے شراکت داری کی خواہش ظاہر کی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ ’دونوں ملک تمام کثیرالملکی فورمز پر موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر تعاون کر رہے ہیں، بامعنی اور مربوط دوطرفہ رابطے مشترکہ ویژن پر آگے بڑھنے اور پارٹنرشپ کے تحت فوائد کا حصول ممکن بنا سکتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ سعودی ولی عہد نے سنیچر کو گرین سعودی اور گرین مشرق وسطیٰ اقدامات کا اعلان کیا تھا جس کے تحت خطے میں کاربن کے اخراج کو 60 فیصد تک کم کرنے اور 50 ارب درخت لگانے سمیت کئی پروگرام شامل ہیں۔ 
عمران خان نے لکھا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کا چیلنج پائیدار ترقی کے لیے  وسیع بین الااقوامی تعاون اور مشترکہ عزم کا متقاضی ہے۔
’دنیا کے پاس اس کے سوا کوئی رستہ نہیں کہ وہ اس سبز راہ پر چل کر اکیسویں صدی کے لیے ترقی کا ایک نیا نمونہ واضح کرے۔ میں دل  کی اتھاہ گہرائیوں سے آپ کی اس تبدیلی کی جانب کی گئی کوششوں کو سراہتا ہوں۔ میں اس موقع پر آپ کی اچھی صحت اور خوشی اور سعودی عرب کے عوام کی مسلسل ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘
عمران خان نے لکھا ہے کہ سعودی ولی عہد کا ویژن ہمارے ’کلین اینڈ گرین‘ انیشیٹیو سے مطابقت رکھتا ہے جس کے تحت پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے فطرتی بنیاد پر حل میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے خط میں بتایا ہے کہ 15 فیصد زمینی اور 10 فیصد ساحلی علاقے پر پودے لگائیں گے، منصوبے سے ماحولیاتی سیاحت کو فروغ اور ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ ایک بلین درخت اگانے کے بعد ہمارے 10بلین ٹری سونامی پر کام جاری ہے۔ 

ولی عہد کی جانب سے عمران خان کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت 

عمران خان نے دونوں ممالک کے ماحولیات کے حوالے سے اقدامات میں مماثلت کو اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک ماحولیات میں تعاون بڑھائیں گے اور آپس میں معلومات کا تبادلہ کریں گے۔
وزیر اعظم نے خادم حرمیں شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ  برادارنہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور بڑھانے کی خواہش کا اظہا کیا۔

ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی جسے  عمران خان نے قبول کیا۔ (فائل فوٹو: ایس پی اے)

عمران خان نے سعودی کی علاقائی سالمیت اور داخلی خودمختاری کے لیے پاکستان کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد نے دوطرفہ تعلقات کے فروع کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی جسے  عمران خان نے قبول کیا۔

سعودی عرب کا گرین انیشیٹیو کیا ہے؟

سنیچر کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ’ سعودی عرب تیل پیدا کرنے والے بڑے ملک کی حیثیت سے ماحولیاتی بحران کے خلاف جنگ کو آگے بڑھانے میں اپنی ذمہ داری سے پوری طرح آگاہ ہے۔ جس طرح مملکت نے تیل اور گیس کے دور میں انرجی مارکیٹ کو سہارا دیا اسی طرح دنیا کو سر سبز بنانے میں عالمی رہنما بننے جا رہا ہے‘۔
شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ ’ہم عالمی سطح پر تیل پیدا کرنے والے اہم مقام کے حامل ہیں۔ ساتھ ہی ہم ماحول کو بہتر بنانے اور صاف آب و ہوا کے وسائل فراہم کرنے کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح واقف ہیں، ماحول کو سرسبز بنانے میں بھی اپنا اہم کردار ادا کریں گے‘۔ 
ولی عہد نے مزید کہا ’اگرچہ سعودی عرب اور خطے کو ماحول کے حوالے سے کافی چیلنجز کا سامنا ہے جیسے صحرا، جو خطے کے لیے معاشی طور پر خطرہ بھی ہے، ایک اندازے کے مطابق سالانہ 13 بلین ڈالرصرف کیے جاتے ہیں جبکہ مختلف گیسز سے ماحول کی آلودگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے جس سے لوگوں کی اوسط عمر میں بھی سال یا ڈیرھ برس کی کمی ہوتی ہے۔

شیئر: