Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کا خطے کے رہنماؤں سے رابطہ، گرین سعودی اقدامات پر تبادلہ خیال

سعودی ولی عہد نے سنیچر کو گرین سعودی اور گرین مشرق وسطیٰ اقدامات کا اعلان کیا تھا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو اپنے نئے ماحولیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے خطے کے رہنماؤں کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے کیے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد نے سنیچر کو گرین سعودی اور گرین مشرق وسطٰی اقدامات کا اعلان کیا تھا جس میں خطے میں کاربن کے اخراج کو 60 فیصد تک کم کرنے اور 50 ارب درخت لگانے سمیت کئی پروگرام شامل ہیں۔
کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں ولی عہد نے تیل کی پیداوار بڑھانے، سمندری و ساحلی ماحول کو بہتر بنانے اور قدرتی ذخائر بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کے ساتھ  گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے ان طریقوں پر غور کیا جس کے ذریعے اقدامات خطے کے معاشی اور سماجی مسائل اور عالمی ماحولیاتی صورتح ال کو اس طرح اجاگر کرتے ہیں کہ خطے کے استحکام اور لوگوں کی زندگیوں کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
سنیچر کو شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ ’ہم گرین سعودی اینیشیٹیو سے سبزے میں اضافہ کریں گے جس سے ’کاربن‘ کے اخراج پر قابو پاتے ہوئے ماحول کو بہتر بنایا جاسکے گا اور کرہ ارض پر اس کے مفید اثرات مرتب ہوں گے، ساتھ  ہی سمندری حیات کا بھی تحفظ ہو گا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ’مہم کے دوران آئندہ چند برسوں میں مملکت کے مختلف علاقوں میں 10 ارب درخت لگائے جائیں گے جس سے تقریباً 40 ہیکٹر اراضی دوبارہ سرسبز ہو سکے گی، یعنی سبزہ زاروں میں 12 گنا اضافہ ہوگا جوعالمی اقدام کا 4 فیصد ہدف مکمل ہوتا ہے۔
سعودی عرب شجر کاری کے حوالے سے عالمی سطح پر چار فیصد سے زیادہ کی نمائندگی کرے گا جبکہ دنیا میں ایک کھرب درخت لگانے کے عالمی ہدف کا ایک فیصد حصہ سعودی عرب حاصل کرے گا۔ 

شیئر: