Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی کی پری پیڈ سروس کے ضوابط سرکاری گزٹ میں شائع

’بیلنس ختم ہونے کے باعث سروس فراہم کنندہ کو فوری طور پر بجلی کاٹنے کا حق حاصل نہیں ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
سرکاری گزٹ نے بجلی سروس فراہم کرنے سے متعلق رہنما دستاویز میں نئی ترامیم شائع کردی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق رہنما دستاویز میں بجلی کی پیشگی ادائیگی کی سروس (پری پیڈ)، سروس کی عارضی منقطع ہونے کی شرائط اور چارجنگ کے بعد سروس کی بحالی کے طریقہ کار کی وضاحت کی گئی ہے۔
ضوابط میں بتایا گیا ہے کہ  پیشگی ادائیگی کی سروس (پری پیڈ) میں بجلی کے استعمال کا حساب خود کار طریقے سے منظور شدہ ٹیرف کے مطابق کیا جائے گا جس میں ریڈنگ اور مینٹی نینس فیس شامل ہوگی۔
صارف کو اس سروس میں آنے یا اس سے واپس جانے کا اختیار ہوگا بشرطیکہ کچھ شرائط پوری کی جائیں جن میں سب سے اہم تمام مالی واجبات کی ادائیگی اور ماہانہ بلنگ پر منتقلی سے کم از کم تین ماہ قبل اس سروس کا استعمال شامل ہے۔
اس کے علاوہ ضوابط میں یہ بھی شامل ہے کہ اگر صارف سروس منسوخ کرے تو اسے غیر استعمال شدہ رقم واپس لینے کا حق حاصل ہوگا۔
جہاں تک بیلنس ختم ہونے کے باعث بجلی کی بندش کا تعلق ہے، ترامیم میں وضاحت کی گئی ہے کہ سروس فراہم کنندہ کو فوری طور پر بجلی کاٹنے کا حق حاصل نہیں ہوگا بلکہ اُسے صارف کوایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کرنا ہوگا بشرطیکہ صارف کا بیلنس رہائشی صارف کے لیے 30 ریال یا دیگر صارفین کے لیے 100 ریال سے کم ہو جائے۔
 اس کے بعد صارف کو عارضی منقطع ہونے سے پہلے ایک ہفتے تک کی مہلت دی جائے گی۔
اگر صارف اس مہلت کے دوران بیلنس کم از کم رہائشی صارف کے لیے 150 ریال یادیگر صارفین کے لیے 300 ریال تک چارج کر لے تو بجلی کی سروس 30 منٹ کے اندر بغیر کسی اضافی فیس کے بحال کر دی جائے گی۔
 

شیئر: