Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نہر سویز میں بحری ٹریفک کی بحالی، سعودی عرب کی مصر کو مبارکباد

بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب ہر آزمائش میں مصر کے ساتھ ہوگا۔( فوٹو اے پی)
سعودی عرب نے نہر سویز میں مال بردار جہاز ایور گرین کو واپس گہرے پانی میں پہنچانے اور بحری ٹریفک بحال کرنے میں کامیابی حاصل کرنے پر مصر کو مبارکباد  دی ہے۔  
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے اپنی نوعیت کے اس بڑے واقعے سے نمٹنے کے لیے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی قائدانہ صلاحیت اور مصری ماہرین کی ستائش کی۔
مصری ماہرین نے ایک ہفتے سے زائد عرصے سے پھنسے رہنے والے مال بردار بحری جہاز کو گہرے سمندر کی طرف لانے کے لیے دن رات محنت کی اور اس میں کامیاب رہے۔ 
سعودی عرب نے نہر سویز میں ٹریفک کی بحالی، سمندری تجارت اور جہاز رانی کو رواں دواں رکھنے کے لیے زبردست کوششوں پر مصر کی تعریف کی اور پھر یقین دلایا کہ سعودی عرب ہر آزمائش میں مصر کے ساتھ ہوگا۔
اس سے قبل مصر کی سویز کینال اتھارٹی نے کہا تھا کہ نہر سویز میں ایک ہفتے سے  زائد پھنسے رہنے والا مال بردار بحری جہاز تیرنے لگا ہے اور بحری ٹریفک بحال ہو رہی ہے۔ پھنسے ہوئے دیوہیکل بحری جہاز کو واپس گہرے پانی میں دھکیل دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں نہر سویز اتھارٹی کے سربراہ اسامہ ربیع نے دیو ہیکل مال بردار جہاز کے واقعے سے نمٹنے میں مدد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اسامہ ربیع نے ایورگرین جہاز کے نہر سویز میں پھنس جانے کے واقعے سے نمٹنے کے لیے مدد کی پیشکش کرنے والے تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ ان میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، چین اور فرانس شامل تھے۔
اسامہ ربیع نے پیر کو ٹی وی بیان  میں کہا کہ نہر سویز اتھارٹی پھنسے ہوئے 356 جہازوں کو زیادہ سے زیادہ تین روز کے اندر نہر سویز سے گزرنے کی کارروائی مکمل کرلے گی۔

شیئر: