Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں پلازمہ تیارکرنے والی فیکٹری کا منصوبہ 

سدیر شہر میں پلازمہ تیار کرنے والی پہلی فیکٹری قائم کی جائے گی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی اتھارٹی فار انڈسٹریل سٹیز اینڈ ٹیکنالوجی زون ’مدن‘ نے کہا ہے کہ سدیر شہر میں پلازمہ تیار کرنے والی پہلی فیکٹری قائم کی جائے گی اور  یہ مملکت سمیت پورے خطے میں پہلی ہوگی۔
فیکٹری پر 300 ملین ریال کا سرمایہ لگایا جائے گا۔ مدن نے ’الفابائیوفیز‘ کمپنی کو سدیر شہر میں فیکٹری کے لیے پلاٹ دینے کا معاہدہ کیا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق الفا بائیوفیز کمپنی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید البرکی نے بتایا کہ یہ فیکٹری سعودی وژن 2030 کے مقاصد کی تکمیل کے لیے قائم کی جارہی ہے۔ اس کی بدولت حیاتیاتی ادویہ کی صنعت مملکت میں قائم ہوگی۔ 
البرکی  نے بتایا کہ یہ فیکٹری سعودی عرب کی ادویہ مارکیٹ کو مستقل بنیادوں پر محفوظ اور موثر پلازمہ فراہم کرتی رہے گی۔ مستقبل میں پلازمہ کی درآمد پر انحصار کم ہوگا۔ سعودی عرب دوا سازی میں خودکفیل ہوجائے گا۔ 

 پلازمہ فیکٹری سعودی وژن 2030 کے مقاصد کی تکمیل کے لیے قائم کی جارہی ہے(فوٹو، ٹوئٹر) 

ڈاکٹر سعید البرکی نے کہاکہ مملکت میں الفا بائیو فیز فیکٹری قائم کرنے کا خیال انڈین کمپنی بائیو فیز کی شراکت کے نتیجے میں پیدا ہوا۔ انڈیا کے پاس بلڈ پلازمہ کے ماہرین بھی ہیں اور اس حوالے سے ریسرچ ورک بھی کافی ایڈوانس ہے۔ انڈیا اپنی یہ ٹیکنالوجی سعودی عرب کو منتقل کرے گا۔
 الفا بائیو فیزکمپنی سعودی اور انٹرنیشنل یونیورسٹیوں کی شراکت سے سپیشلسٹ ریسرچ اینڈ سٹڈیز سینٹر بھی ہمارے یہاں قائم کرے گا۔ 
الفابائیو فیز کمپنی پہلے مرحلے میں سعودی عرب کی 35 فیصد ضروریات پوری کرے گی پھر اس کی سالانہ پیداوار دس سے پندرہ فیصد تک بڑھ جائے گی۔ 
 

شیئر: