نمازیوں میں کورونا کے باعث 5 ریجنوں میں 12 مساجد بند
’سینیٹائزگ اور مکمل تسلی کے بعد بند کی جانے والی مساجد کو دوبارہ کھول دیا جائے گا‘ ( فوٹو: العربیہ)
وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے سعودی عرب کے 5 ریجنوں میں 12 مساجد کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ مساجد میں 12 نمازیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’جن مساجد کو بند کیا گیا ہے ان میں سے 4 ریاض ریجن میں ہیں، مکہ مکرمہ اور عسیر ریجنوں میں تین تین مساجد جبکہ قصیم اور باحہ ریجنوں میں ایک ایک مسجد بند کردی گئی ہے‘۔
’مذکورہ مساجد کی سینیٹائزنگ ہوگی اور مکمل تسلی کرنے کے بعد نمازیوں کے لیے کھول دیا جائے گا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’اس عرصے کے دوران پہلے بند کی گئی 14 مساجد کو سینیٹائزنگ کے بعد کھول دیا گیا ہے‘۔
وزارت نے مساجد کے ائمہ، موذنین اور خدام سمیت نمازیوں سے اپیل کی ہے کہ ایس او پیز کا سختی سے اہتمام کریں۔