Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ کے پرنس فلپ 99 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

ملکہِ برطانیہ الزبتھ دوم کے شوہر دا ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ 99 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ بکنگھم پیلس نے جمعے کو ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ 
پرنس فلپ کا حال ہی میں دل کا کامیاب آپریشن ہوا تھا۔ 
بیکنگھم پیلس کی جانب سے جاری ہونے والے پیغام میں کہا گیا ہے: ’عزت ماب ملکہ کی جانب سے انتہائی دکھ کے ساتھ ان کے شوہر عزت مآب پرنس فلپ، ڈیوک آف ایڈنبرا کی موت کا اعلان کیا جاتا ہے۔‘ 
بیان کے مطابق پرنس فلپ کی جمعے کی صبح ونڈزر کاسل میں پرسکون موت ہوئی۔ 
پرنس فلپ کو طویل عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔ 2011 میں دل کے عارضے کی وجہ سے سٹنٹ ڈالا گیا تھا۔ پرنس فلپ کو دل کا عارضہ لاحق تھا اور انہیں کنگ ایڈورڈ ہسپتال لندن میں 16 فروری کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے اس وقت تصدیق کی گئی تھی کہ انفیکشن کے باعث پرنس فلپ کا علاج کیا جا رہا ہے۔
انہیں یکم مارچ کو لندن ہی کے سینٹ بارتھولومیوز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے انفیکشن کا علاج کیا جاتا رہا، ساتھ ہی انہیں لاحق دل کے عارضے کے حوالے سے بھی مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔

پرنس فلپ اور ملکہ الزبتھ کی 1950 میں پرنس چارلس اور پرنسز این کے ساتھ لی گئی یادگار تصویر (اے ایف پی)

پرنس فلپ نے ملکہ الزبتھ کے ساتھ تقریباً سات دہائیوں پر محیط ازدواجی زندگی گزاری جن میں سے 69 سال حکمرانی کے تھے جو برطانیہ کی تاریخ میں طویل ترین حکمرانی کا عرصہ ہے۔
پرنس فلپ نے الزبتھ کے ساتھ 1947 میں ویسٹ منسٹر ایبے میں شادی کی تھی اور دوسری عالمی جنگ کے بعد بادشاہت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
فلپ نے 2017 میں 96 سال کی عمر میں سرکاری فرائض سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔

پرنس فلپ کی ملکہ الزبتھ، شہزادہ چارلس، شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کے ساتھ 2004 میں لی گئی یادگار تصویر (اے ایف پی)

ان کی موت کا اعلان کرتے ہوئے برطانوی نشریاتی ادارے نے پرنس فلپ کی شاہی اور فوجی لباس میں تصویروں کے ساتھ قومی ترانہ چلایا۔
جوڑے نے گذشتہ سال نومبر میں شادی کی 73 ویں سالگرہ منائی تاہم وہ لندن کے محل میں زیادہ تر آئسولیشن میں ہی رہ رہا تھا جس کی وجہ کورونا کی وبا اور عمر رسیدگی تھی۔
پرنس فلپ اور ملکہ الزبتھ نے رواں سال جنوری میں پہلی کورونا ویکسین لگوائی تھی۔

پرنس فلپ اور ملکہ الزبتھ کی 1997 میں دورہ پاکستان کے موقع پر لی گئی ایک یادگار تصویر (اے ایف پی)

پرنس فلپ کا انتقال جون میں 100 ویں سالگرہ سے فقط دو ماہ قبل ہوا، ان کی سالگرہ کے لیے ملکہ نے مبارک باد کے پیغامات بھی جاری کیے۔
سنہ 2018 میں لندن میں ان کی گاڑی کو شاہی محل کے قریب حادثہ بھی پیش آیا جس کے بعد ان کا کولہے کا آپریشن ہوا، اس حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
دسمبر 2018 میں انہوں نے چار راتیں ہسپتال میں گزاری تھیں۔انہیں کرسمس کے موقع پر ہسپتال سے فارغ کیا گیا تھا۔

پرنس فلپ اور ملکہ الزبتھ نے رواں سال جنوری میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

جب سے کورونا کی وبا سامنے آئی ہے تب سے پرنس فلپ چند مخصوص مواقع پر ہی عوامی طور پر دیکھے گئے۔
وہ آخری بار گذشتہ برس جولائی میں محل میں ہونے والی ایک فوجی تقریب میں شریک ہوئے تھے، اس سے چند روز قبل ہی وہ اپنی پوتی بیٹرائس کی شادی میں شریک ہوئے تھے۔
گذشتہ برس نومبر میں انہوں نے شادی کی سالگرہ کے موقع پر محل سے 1947 کی ایک تصویر جاری تھی جس میں ملکہ کے ساتھ موجود تھے۔

شیئر: