Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض اور مکہ سمیت کئی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے بعد بارش کا امکان

آئندہ ہفتے کے وسط تک سعوی عرب میں موسم گرم رہے گا۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ منگل کو سعودی عرب کے سات علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ریاض، القصیم، نجران، جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ میں گرد آلود ہواؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ منگل کو بحیرہ احمر میں ہواؤں کا رخ شمال مغرب سے شمال کی جانب ہوگا۔ فی گھنٹہ رفتار 15 تا 40 کلو میٹر تک ہوگی۔ سمندر میں لہریں دو میٹر تک اونچی ہوں گی۔ 
قومی مرکز نے بتایا کہ خلیج عرب میں ہواؤں کا رخ شمال مشرق سے مشرق کی جانب ہوگا۔ ہواؤں کی رفتار 15 تا 35 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ 
دوسری جانب ماہر موسمیات حسن کرانی نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ ہفتے کے وسط تک سعوی عرب میں موسم گرم رہے گا۔ 
اخبار 24 کے مطابق کرانی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں بدھ  سے درجہ حرارت بڑھے گا۔ اس کا زیادہ زور مغربی علاقوں پر ہوگا پھر رفتہ رفتہ وسطی اور مشرقی علاقوں کا موسم بھی گرم ہوتا چلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گرم موسم کا سلسلہ آئندہ ہفتے کے وسط تک چلے گا۔ بیشتر علاقے اس کی زد میں ہوں گے۔
موسمیات کے قومی مرکز نے توقع ظاہر کی کہ منگل سے سنیچر تک سعودی عرب کے بیشترعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

شیئر: