Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کیمیکل اسلحہ پر پابندی کی نگران تنظیم کا رکن منتخب

ایشین گروپ کی جانب سے  تنظیم کا رکن بنایا گیا ہے- (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کو کیمیکل اسلحہ کی نگراں عالمی تنظیم کی مجلس عاملہ کا ایک بار پھر رکن منتخب کیا گیا ہے۔
سعودی عرب  2021 سے  2023 تک  تنظیم کا رکن رہے گا۔ سعودی عرب کو ایشین گروپ  کی جانب سے  تنظیم کا رکن بنایا گیا ہے- 
ہالینڈ میں متعین سعودی سفیر زیاد العطیہ نے کہا کہ سعودی عرب ان برادر اور دوست ملکوں کا شکر گزار ہے جنہوں نے تنظیم کی مجلس عاملہ کی رکنیت کے سلسلے میں ساتھ دیا۔ 

سعودی عرب تنظیم کے قیام سے آج تک مجلس عاملہ کا رکن ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب تنظیم کی مجلس عاملہ کے دیگر ارکان کے شانہ بشانہ کیمیکل اسلحہ پر پابندی کے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے کوشاں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے اسلحہ پر پابندی کے حوالے سے سعودی عرب کی پالیسی واضح ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ مشرق وسطی بھی عالمی امن و سلامتی کی خاطر اس قسم کے اسلحہ سے پاک ہو۔ 
سعودی سفیر زیاد العطیہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کیمیکل صنعتوں کا مالک ہے۔ یہاں مشرق وسطی کے علاقے میں کیمیکل صنعت کا سب سے بڑاسیکٹر سعودی عرب کا ہے اور مستقل بنیادو ں پر بڑھ رہا ہے۔
 یاد رہے کہ سعودی عرب 1997 میں تنظیم کے قیام سے آج تک تنظیم کی مجلس عاملہ کا رکن ہے۔ اس کے 41 ممبر ہیں۔ جن میں کیمیل صنعت کے شعبے کے نامور ممالک شامل ہیں۔ 

شیئر: