Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مقدس مساجد میں رمضان کے آخری عشرے کے لیے تیاریاں مکمل

حفظان صحت کے ضوابط کی مکمل پابندی کی جارہی ہے (فوٹو: العربیہ)
 سعود ی  عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں رمضان کے آخری عشرے کے زائرین کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق 17 ہزار سے زیادہ کارکن آخری عشرے میں مسجد نبوی کے زائرین کی خدمت پر مامور ہیں۔
مقدس مساجد کی انتظامیہ نے بتایا کہ 'آخری عشرے کے دوران عمرہ زائرین اور نمازیوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی تمام جملہ تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔'
'مسجد الحرام کی صفائی’ دھلائی، سینیٹائزنگ،  ویل چیئرز، زائرین کی آمد ورفت کو منظم کرنے،  دروازے کھولنے، معذوروں کے لیے سپیشل ٹریک بنانے، آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کرنے سمیت تمام سہولتوں کا بندوبست کرلیا گیا۔'

چوبیس گھنٹے صفائی اور سینیٹائزنگ کا بندوبست کیا گیا ہے (فوٹو: العربیہ)

مسجد نبوی میں زائرین کی صحت و سلامتی کے انتظامات سکیورٹی اور صحت اداروں کے تعاون سے کیے گئے ہیں۔ 
انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے تمام اداروں کے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین و نمازیوں اور مسجد نبوی آنے والے زائرین اور نمازیوں کو تمام سہولتیں منظم اور مربوط شکل میں فراہم کریں۔ 
السدیس نے تاکید کی کہ 'قرآن کے نسخے ان تمام مقامات پر فراہم کردیے جائیں جہاں زائرین عبادت کریں گے۔
' یاد رہے کہ انتظامیہ نے حرم شریف میں نماز کے لیے جگہیں متعین کردی ہیں۔ 

آخری عشرے میں ستر فیصد تک ہوٹل مصروف ہوں گے (فوٹو: العربیہ)

السدیس نے تاکید کی ہے کہ 'نماز کے لیے مخصوص مقامات پر قرآن کے نئے نسخے فراہم کیے جائیں اور نیا فرش بچھایا جائے۔'
حج و عمرہ و زیارت قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے کہا کہ 'رمضان کے آخری عشرے میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی سے متصل ہوٹلوں اور ٹاورز میں دیگر ایام کے مقابلے میں گہما گہمی قابل دید ہوگی۔'
العمیری نے توقع ظاہر کی کہ رمضان کے آخری عشرے میں یہ ہوٹل ستر فیصد تک مصروف ہوں گے۔ عمرہ اور روضہ شریف میں نماز کے لیے آنے والے ان ہوٹلوں میں قیام کریں گے۔ 

نمازوں کے دوران زمزم کی بوتلیں فراہم کی جاتی ہیں (فوٹو: القرآن کریم چینل)

انہوں نے کہا کہ مسجد نبوی اور مسجد الحرام کے اطراف بنے ہوٹلز اور ٹاورز اعلٰی درجے کے زمرے میں رکھے گئے ہیں۔ یہاں حفظان صحت کے ضوابط کی مکمل پابندی کی جارہی ہے۔  چوبیس گھنٹے صفائی اور سینیٹائزنگ کا بندوبست ہے۔'
العمیری نے کہا کہ 'رمضان کے آخری عشرے کے دوران دونوں مقدس شہروں میں ٹرانسپورٹ، ریستورانوں اور مارکیٹنگ کے اعدادوشمار بڑھیں گے۔'
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: