Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی ترقی میں 20 لاکھ پاکستانیوں کا کردار 

پاکستانیوں کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ وہ کوئی بھی کام جلد ہی سیکھ لیتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں اس وقت 20 لاکھ کے قریب پاکستانی مقیم ہیں جو مملکت کے مختلف شہروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سعودی عرب میں اتنی بڑی تعداد میں پاکستانیوں کی موجودگی دونوں برادر ممالک کے باہمی و مثالی تعلقات کی عکاس ہے۔ 
سعودی عرب اور پاکستان کے مابین یہ تعلقات 70 برسوں پر محیط ہیں جو دونوں ممالک کے بردار عوام کی خواہشات اورمفادات کے تحفظ کے امین ہیں۔ 

 

سعودی ویب نیوز ’سبق ‘ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے مملکت اور پاکستان کے تعلقات پر مبنی مضمون میں کہا ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے آرہے ہیں جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ 

ترقیاتی منصوبے 

 اس سے قبل ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اس امر کا اظہار بھی کرچکے تھے کہ مملکت میں 20 لاکھ کے قریب پاکستان کام کرتے ہیں جو سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ترقیاتی منصوبوں میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں ۔ 
سعودی عرب میں پاکستانی کارکنوں کے حوالے سے ولی عہد کا مزید کہنا تھا ’پاکستان میں ہمارے بھائی سعودی عرب کی معیشت کے استحکام میں معاون ہوتے ہیں۔‘ اس حوالے سے ولی عہد کا کہنا تھا ’پاکستانی بھائیوں نے سچائی اور خلوص سےمملکت کے عظیم ترقیاتی منصوبوں میں اہم کردار ادا کیا، خاص طور پر مسجد الحرام اور مسجد النبوی الشریف کی عظیم الشان توسیع کے منصوبے کے حوالے سے ان کا کردار مثالی تھا‘۔ 
سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کے پیش نظران کی تہذیب و ثقافت اور ضروریات کے مطابق ہوٹل، تجارتی ادارے اور بڑے شہروں میں پاکستانی سکولز قائم ہیں جہاں کمیونٹی کے بچے پاکستانی نصاب تعلیم کے مطابق زیور تعلیم سے آراستہ ہوتے ہیں۔ 

ایک چھت 

سعودی عرب میں تعداد کے اعتبار سے پاکستانی کمیونٹی کا شمار چوتھے یا پانچویں نمبر پر کیاجاتا ہے جبکہ تعداد کے حساب سے مصری، یمنی، انڈین اور بنگالہ دیشیوں کے بعد پاکستانیوں کا نمبر ہے۔  

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اپنے ملک کی معیشت کے استحکام کے لیے کافی اہم ثابت ہوئی ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی عادات کے مطابق یہ دیگر قوموں کے برعکس ایک ہی جگہ یعنی مشترکہ مکان میں رہنے کو پسند نہیں کرتے جبکہ روز مرہ کی عادات کے مطابق پاکستانی جلد سونے اور صبح سویرے بیدار ہونے کے عادی ہیں اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر محنت مشقت کا کام کرنے والے افراد ہیں جو رات جلدی سونے اور صبح سویرے کام پر جانے کے عادی ہیں۔ 
پاکستانیوں کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ وہ کوئی بھی کام جلد ہی سیکھ لیتے ہیں جس کی وجہ سے وہ مقامی مارکیٹ میں کافی اہم مقام رکھتے ہیں۔ 

معاشی کردار 

پاکستان کی معیشت ایک اچھی رفتار سے ترقی کر رہی ہے ، اور اس ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کا بہت بڑا کردار ہے۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اس معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں ، کیوں کہ انہوں نے مملکت کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان آج ایک پرامن، خوشحال ملک اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم منزل ہے۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اپنے ملک کی معیشت کے استحکام کے لیے کافی اہم ثابت ہوئی ہے۔ دسمبر 2020 میں پاکستانی سینٹرل بینک کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق بیرون ملک سے بھیجے جانے والا زرمبادلہ 2.3 ارب ڈالر کا تھا جو کہ گذشتہ برس کے مقابلے میں 28.4 فیصد زیادہ رہا۔ 

شیئر: