’عالمی برادری اینٹی کرپشن نیٹ ورک پروگرام کو کامیاب بنائے‘
سرحد پار بدعنوانی کے جرائم کو قابو کرنا مشکل کام ہے۔(فوٹو العربیہ)
سعودی اینٹی کرپشن اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے سربراہ مازن الکھموس نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ’ وہ اینٹی کرپشن نیٹ ورک کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا کردارادا کرے اور اسے درکار ضروری مدد فراہم کرے‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق انہوں نے یہ اپیل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےاجلاس کے دوران کی ہے جو انسداد بدعنوانی قانون پرعمل درآمد کے حوالے سے سعودی عرب کے خصوصی اینٹی کرپشن پروگرام پر بحث کے لیے منعقد ہوا تھا۔
مازن الکھموس نے کہا کہ ’سعودی عرب کو یہ بات اچھی طرح سے معلوم ہے کہ سرحد پار بدعنوانی کے جرائم کو قابو کرنا بڑا مشکل کام ہے۔ یہ قانون نافذ کرنے والے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کے بغیر ممکن نہیں‘۔
انہو ں نے کہا کہ ’اجلاس کے دوران سیاسی اعلامیے کا اجرا بڑی کامیابی ہے۔ یہ اعلامیہ بدعنوانی کے انسداد کے حوالے سے مشترکہ ریاستی کوششوں کی تقویت کا باعث بنے گا‘۔
انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ’ اقوام متحدہ نے 2020 کے دوران جی 20 کی قیادت کے زمانے میں سعودی عرب کی تجویز پر قائم کیے جانے والے جی ایل او بی ای کی منظوری دی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ یہ منظوری بدعنوانی کے انسداد میں سب ممالک کے حوالے سے نئے مرحلے کی شروعات بنے گی‘۔
انہوں نے عالمی برادری سے یہ بھی کہا کہ’ وہ جی ایل او بی ای نیٹ ورک کے قیام میں موثر طور پر حصہ لیں۔ اس کا مقصد سرحد پار بدعنوانی کے جرائم کے انسداد کے نظام کو تیز اور فعال بنانا ہے‘۔