Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرنطینہ کی خلاف ورزی کرنے والے 46 افراد گرفتار

’خلاف ورزی پر دو لاکھ ریال جرمانہ اور دو سال قید کی سزا ہوگی، غیر ملکی کو ملک سے بیدخل کردیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
نجران پولیس نے کورونا لاحق ہونے کے بعد قرنطینہ اور آئسولیشن کی خلاف ورزی کرنے والے 46 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نجران ریجن پولیس کے ترجمان بریگیڈیئر عبد اللہ العشوی نے کہا ہے کہ ’وزارت صحت کی ہدایات اور وزارت داخلہ کے ضوابط کے مطابق جن لوگوں کو کورونا لاحق ہوجائے انہیں بیماری کے عرصے تک یا تو قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے یا انہیں ائیسولیشن کی ہدایت کی جاتی ہے‘۔
’وائرس لاحق ہونے کے دوران لوگوں سے میل جول کرنا، گھر یا ہسپتال سے باہر جانا اور دیگر افراد کے ساتھ معاملہ کرنا منع ہے‘۔
’ خلاف ورزی کے مرتکب 46 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے‘۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ ’قرنطینہ اور آئیسولیشن کی خلاف ورزی پر دو لاکھ ریال تک جرمانہ یا دو سال تک قید یا دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں‘۔
’خلاف ورزی کرنے والا غیر ملکی ہو تو مذکورہ سزاؤں کے علاوہ قید کی مدت پوری کرنے کے بعد ملک سے بیدخل کردیا جاتا ہے اور اسے تاحیات بلیک لسٹ کردیا جاتا ہے‘۔
انہوں نے وائرس کا شکار ہونے والے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ قرنطینہ اور آئیسولیشن کی خلاف ورزی سنگین جرم ہے۔ بیماری کے دوران ہدایات کی پابندی کرنا لازمی ہے۔

شیئر: