Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان میں فائزر ویکسین صرف حج زائرین کو لگائی جائے گی‘

پاکستان کے پاس فائزر ویکسین انتہائی کم مقدار میں موجود ہے (فوٹو: اے ایف پی)
حکومت پاکستان نے فائزر ویکسین لگوانے کے حوالے سے حمکت عملی تبدیل کرتے ہوئے فائزر ویکسین صرف حج زائرین کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر حسن عروج نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ‘فائزر ویکسین کے حوالے سے حکومت کی پالیسی تبدیل کر دی گئی ہے اور اب فائزر ویکسین کو صرف حج زائرین کے لیے ہی مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے پاس فائزر ویکسین انتہائی کم مقدار میں موجود ہے اس لیے حکومت نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے حج زائرین کے لیے مختص کر دی ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ این سی او سی کی جانب سے اس حوالے سے باظابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاہم ویکسین لگوانے کا عمل ابھی شروع نہیں کیا گیا۔ 
دوسری جانب وزارت صحت کے زرائع سے اردو نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ حج آپریشن کا اعلان ہوتے ہی فائزر ویکسین لگوانے کا عمل شروع ہو جائے گا جبکہ حاجی کیمپس میں فائزر ویکسین کی سٹوریج کے حوالے سے کام جلد شروع کر دیا جائے گا تاکہ حج آپریشن کا اعلان ہوتے ہی حج زائرین کو حاجی کیمپس میں ویکسین لگوائی جا سکے۔ 
خیال رہے کہ اس سے قبل حکومت نے فائزر ویکسین بیرون ملک سفر کرنے والے طلبہ اور ورکرز کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔
 

شیئر: