Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی معافی کا اعلان، کن قیدیوں کو رہائی ملے گی؟

چوری کی چوتھائی سزا کاٹنے والوں کو بھی رہا کر دیا جائے گا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں محکمہ جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر جنرل  نے سرکاری حق کے قیدیوں کی معافی سے متعلق قواعد و ضوابط بیان کیے ہیں۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی عرب کی تمام جیلوں میں موجود وہ تمام قیدی جن پر شاہی معافی کے ضوابط لاگو ہوں گے، انہیں جلد رہا کردیا جائے گا۔ 
شاہی معافی سے ایسے قیدیوں کو فائدہ نہیں ہوگا جو اساتذہ اور سرکاری اہلکاروں پر حملوں کے مرتکب ہوئے ہوں گے۔
ڈاکٹروں پر حملہ کرنے والوں کو بھی اس سے فائدہ نہیں ہوگا۔ مالیاتی و محکمہ جاتی، بدعنوانی کے جرائم، امانت میں خیانت، رشوت ستانی، سرکاری عہدے کے بے جا استعمال، کرنسی اور سرکاری دستاویزات میں جعلسازی، شہریت کے قانون کی خلاف ورزی، اسلحہ و گولہ بارود، بوگس چیک اور دھماکہ خیز اشیا بنانے، ذخیرہ کرنے اور فروخت کرنے کے جرائم کے قیدیوں کو بھی اس معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ 
منشیات استعمال کرنے، معمولی مقدار میں منشیات ذخیرہ کرنے والے رہا کردیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں پہلی بار منشیات کی سمگلنگ کے مقدمات میں سزایافتہ افراد بھی رہا کیے جائیں گے۔ نشہ آور اشیا استعمال کرنے یا دھندے یا سمگلنگ کے لیے ذخیرہ کرنے والے بھی معافی کے مستحق ہوں گے۔
والدین کی نافرمانی کے جرائم کے قیدیوں کو بھی رہائی ملے گی۔ غیر اخلاقی سرگرمیوں کے قیدیوں کی باقی ماندہ سزا معاف کردی جائے گی۔ چوری کی چوتھائی سزا کاٹنے والوں کو بھی رہا کردیا جائے گا۔غیرملکیوں کو بھی معافی کے شاہی حکم سے فائدہ ہوگا۔ 
علاوہ ازیں بالقصد قتل جیسے جرائم کے وہ قیدی بھی رہا کردیے جائیں گے جو قید کی نصف مدت گزار چکے ہوں اور نجی حق ادا کرچکے ہوں۔ 
بوڑھے، معذور اور رشوت کے جرائم کے ایسے قیدیوں کو بھی رہا کردیا جائے گا جن کی انتہائی سزا دو برس سے کم ہوگی۔ اسی طرح جعلسازی کے ان سزا یافتگان کو بھی رہائی مل جائے گی جو قید کی چوتھائی مدت گزار چکے ہوں۔
ایسے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بھی رہا کردیا جائے گا جو واردات کے وقت 18 برس سے کم عمر ہوں گے اور انہیں سبق سکھانے کے لیے قید کی سزا سنائی گئی ہو گی- اس معافی سے ریاستی سلامتی، قتل عمد، اغوا اور آبرو ریزی کے مقدمات کے مجرموں کو فائدہ نہیں ہوگا۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: