سعودی عرب کی جنوبی شام میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت
بیان میں بین الاقوامی اور اصولوں کی خلاف ورزیوں کو سختی مسترد کیا گیا ( فوٹو: سانا)
سعودی عرب نے بدھ کو اسرائیل کی جانب سے شام اور خطے میں جاری کھلی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں جنوبی شام کے القنیطرہ اور درعا گورنریٹس کے دیہی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی دراندازی کی مذمت کی۔
بیان میں وزارت نے کہا ’سعودی عرب، اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے پرامن شہریوں کو دھمکانے اور بین الاقوامی اور اصولوں کی خلاف ورزیوں کو سختی مسترد کرتا ہے۔‘
وزارت نے شام کی خود مختاری کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے اور خطے میں سلامتی و استحکام برقرار رکھنے کے لیے 1974 کے معاہدے کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان میں مملکت کی جانب سے شام کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے سپورٹ کا اعادہ کیا گیا۔
دسمبر 2024 میں سابق صدر بشار الاسد اور ان کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے اسرائیل نے جنوبی شام میں اپنی فوجی موجودگی میں توسیع کی ہے۔
اسرائیلی فورسز اقوام متحدہ کے بفر زون میں داخل ہو کر جنوبی علاقے کے دیگر حصوں کی جانب پیش قدمی کر رہی ہیں۔
دمشق نے ان علاقوں سے اسرائیلی انخلا کا مطالبہ کیا اور ان دراندازیوں کو شام کی خود مختاری اور 1974 کے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
