Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک جانے والوں کے لیے مختص ایسٹرا زینیکا ویکیسن کی ضلعی سطح پر فراہمی کی درخواست

اوورسیز کے لیے مختص ایسٹرا زینیکا کی بڑے شہروں کےعلاوہ دیگر حصوں میں ترسیل ممکن نہیں بنائی گئی ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان میں جہاں ویکسین کی قلت کی خبریں گردش کر رہی ہیں وہیں بیرون ملک جانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مختص ایسٹرا زینیکا ویکسین کی بڑے شہروں کےعلاوہ ملک کے دیگر حصوں میں ترسیل ممکن نہیں بنائی جا سکی ہے۔ جس کی وجہ سے بیرون ملک جانے والے افراد دور دراز علاقوں سے سفر کرکے بڑے شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ 
پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرون ملک بالخصوص سعودی عرب جانے والے اوورسیز کے لیے کم از کم تحصیل سطح کے ویکسینیشن مراکز پر ایسٹرا زینیکا ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ 
اس حوالے سے پاکستان بیورو آف امیگریشن کے ڈی جی کاشف نور نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کی جانب سے معاملہ اٹھایا گیا تھا۔
’ان کی درخواست پر وزارت صحت کو خط لکھا گیا ہے جس میں ضلع کی سطح پر ایسٹرا زینیکا کی ترسیل ممکن بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔‘ 
انھوں نے کہا کہ ’اب یہ معاملہ اگلے ہفتے این سی او سی میں زیر غور آئے گا اور اگر انتظامی اور تکنیکی طور پر ممکن ہوا تو ویکسین کی ترسیل شروع ہو جائے گی۔‘
اس حوالے سے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد عثمان نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسٹرا زینیکا ویکسین کی قلت کا سوال تو بعد میں پیدا ہوتا ہے پہلے اس کی ترسیل تو ہو جائے۔ ابھی تک صرف اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے کچھ مراکز پر ایسٹر ازینیکا ویکسین پہنچی ہے۔ ملتان میں بھی کل اسٹرازینیکا ویکسین پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں۔‘

اوورسیزایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن نے تحصیلوں کی سطح پر ایسٹرا زینیکا کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انھوں نے کہا کہ ’سمندر پار پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے۔ اب وہ پیسے خرچ کرکے بڑے شہروں کے مراکز پر دھکے کھائیں تو اس سے بہتر ہے کہ ملک بھر میں کم از کم تحصیل سطح کے ویکسینیشن مراکز میں ایسٹرا زینیکا کی ترسیل جلد از جلد مکمل کی جائے کیونکہ جب تک ویکسین نہیں لگ جاتی تب تک وہ سفر نہیں کر سکتے۔ اس لیے بہتر ہے کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی پروازوں کی بحالی سے قبل ہی ویکسین کی فراہمی مکمل ہو جائے۔ پروازوں کی بحالی کے بعد  ویکسین لگوانے کا عمل مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے۔‘

ویکسینیشن کے بغیر بیرون ملک کا سفر نہیں کیا جا سکتا (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہماری ایسوسی ایشن کی درخواست پر ڈی جی بیورو آف امیگریشن نے وزارت صحت کو خط لکھا اور یہی تجویز دی ہے کہ اگر دیہی علاقوں میں ایسٹرا زینیکا کی ترسیل ممکن نہیں تو کم از کم تحصیل سطح پر ہی ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔‘

شیئر: