Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مساجد میں قرآن کے نسخے دوبارہ رکھ دیے گئے، واٹر ریفریجریٹر بحال 

مساجد میں واعظ اور لیکچرز کی بھی اجازت دی گئی ہے ( فوٹو سبق)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے سعودی عرب کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں قرآن کریم کے نسخے ازسر نو رکھوا دیے ہیں جبکہ مساجد میں واٹر ریفریجریٹر بھی بحال کیے جارہے ہیں۔ 
کورونا وبا سے نمازیوں کو بچانے کے لیے مملکت کی تمام مساجد سے قرآن پاک کے نسخے ہٹا دیے گئے تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے کنگ فہد کمپلیکس برائے اشاعت قرآن کے تیار کردہ قرآن پاک کے نسخے مساجد میں رکھوا دیے ہیں تاہم نمازیوں سے کہا گیا ہے کہ بہتر ہوگا کہ جو نمازی مسجد میں تلاوت کلام پاک کرنا چاہتے ہوں وہ اپنے گھر سے قرآن پاک کا نسخہ اپنے ہمراہ لائیں۔
وزارت اسلامی امور نے مساجد میں واعظ اور لیکچرز کی بھی اجازت دی ہے تاہم ہدایت کی گئی ہے کہ وعظ یا لیکچرز کے شرکا سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔ وعظ اور لیکچرز اسی دوران ہوسکیں گے جب مسجد کھلی ہوگی۔ 
وزارت اسلامی امور نے کورونا وبا کے باعث مساجد سے ہٹائے گئے واٹر ریفریجریٹر کی بحالی بھی شروع کردی ہے۔ مساجد میں ٹھنڈے پانی کا انتظام جس طرح وبا سے قبل تھا پھر اسے بحال کردیا گیا ہے۔ 
سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے مساجد میں کورونا ایس او پیز کے حوالے سے جو نئی ہدایات جاری کی ہیں ان پر غیر معمولی پسندیدگی کا اظہار کیا گیا ہے۔

شیئر: