Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہری اور غیر ملکی عسیر ریجن کا رخ کرنے لگے

سیاحتی راہداریاں سیاحت کے لیے آنے والوں کی دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں  شہری اور مقیم غیرملکی معتدل آب و ہوا اور قدرتی مناظر کے حسن سے  لطف اٹھانے کے لیے ان دنوں عسیر ریجن کے تفریحی مقامات کا رخ کررہے ہیں۔ 


السودہ پہاڑ شہریوں اور غیرملکیوں میں مقبول ہے- (فوٹو: ایس پی اے)

سرکاری خبر رسادں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ابہا شہر سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع السودۃ پہاڑ کی چوٹی  سیاحت کے لیے آنے والوں کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ یہاں سعودی شہری اور مقیم غیرملکی ’العرعر‘ درختوں کے سائے میں بیٹھ کر خوشگوار وقت گزار رہے ہیں۔  


یہ پہاڑ سطح سمندر سے 3 ہزار میٹر کی اونچائی پر واقع ہے- (فوٹو ایس پی اے)

الثروات کے پہاڑ کے دامن میں العرعر کے درخت گھنی تعداد میں موجود ہیں۔ خصوصا السودۃ پہاڑ اور السحاب تفریح گاہ میں العرعر کے درخت قطار در قطار نظر آتے ہیں۔ یہ پہاڑ سطح سمندر سے 3 ہزار میٹر کی اونچائی پر واقع ہے۔ سال بھر سرسبز و شاداب رہتا ہے۔ یہاں زیادہ تر سیاح اسی ماحول کے پیش نظر پہنچتے ہیں۔ 
السودۃ کے سبزہ زاروں میں سیاحتی راہداریاں سیاحت کے لیے آنے والوں کی دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ اہل و عیال کے ہمراہ آنے والے ان راہداریوں سے گزرتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں۔ بوڑھے، جوان اور بچے یہاں چہل قدمی کا شوق پورا کرتے ہیں۔ 


موسم گرما میں عسیر کے پہاڑی علاقوں میں بارش ہوتی ہے- (فوٹو: ایس پی اے)

موسم گرما کے بیشتر ایام میں عسیر کے پہاڑی علاقوں میں بارش کی رم جھم چلتی رہتی ہے جس سے سیر گاہوں کا حسن دوبالا ہوجاتا ہے۔ سیاحت کے لیے آنے والے جگہ جگہ تصاویر بناتے نظر آتے ہیں۔
’السودۃ‘، ’السحاب‘، ’الحبلہ‘ اور ’دلغان‘ عسیر ریجن کی قدیم اور مشہور ترین سیر گاہیں مانی جاتی ہیں۔ یہ وسیع و عریض ہیں- صاف ستھری ہوا، کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کے ساتھ فرحت بخش بنی ہوئی ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: