Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قربانی کا جانور خریدنے سے پہلے کن باتوں کا خیال رکھیں؟

عام طور پر چست جانور ہمیشہ اپنا سر اٹھا کر رکھتا ہے۔ (فائل فوٹو سیدتی)
سعودی عرب میں عید الاضحی کی آمد کے ساتھ ہی ’بکرا منڈی‘ کی رونقوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ بکرے، بھیڑ اور دنبے مارکیٹ میں لائے جاتے ہیں۔ 
سبق نیوز ویب سائٹ نے مویشیوں کے ماہر خریداروں سے ایک سروے کا اہتمام کیا جس میں قربانی کے لیے خریدے جانے والے جانوروں کے حوالے سے بعض اہم نکات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 
مویشیوں کے بارے میں وسیع معلومات رکھنے والے ایک شہری عبداللہ العتیبی کا کہنا تھا کہ ’قربانی کے لیے جانور خریدنے سے قبل بعض امور کا باریک بینی سے مشاہدہ کرنا چاہیے تاکہ اچھا جانور خریدا جاسکے۔‘
سعودی شہری کا کہنا تھا کہ ’جانور چست و توانا ہونا چاہیے، اسے کسی قسم کی جلدی بیماری خارش وغیرہ نہ ہو اور نہ انتہائی لاغر و کمزور ہو کہ اس میں کھڑا ہونے کی بھی سکت نہیں ہو۔‘
’ایسے جانور جو جگالی نہیں کرتے وہ کسی اندرونی بیماری کا شکار ہوتے ہیں جبکہ بھیڑ یا بکرا خریدنے سے قبل ان کے کان اور گردن کے نیچے اچھی طرح دیکھ لیں کہ کوئی ورم وغیرہ تو نہیں علاوہ ازیں آنکھوں اور منہ میں بھی کسی قسم کی خارش وغیرہ تو نہیں۔‘
مویشی خریدنے سے قبل اس امر کی بھی یقین دہانی کرلیں کہ انہیں ’جلاب ‘ تو نہیں لگے ہوئے یا وہ غیر معمولی طور پر پھولے ہوئے تو نہیں۔ 
ایسا جانور جس کا سر اوپر کی جانب اٹھا ہوا ہو اور دیکھنے میں چست نظر آئے اور اسے کسی قسم کی جلدی بیماری وغیرہ نہ ہو وہ سب سے بہتر ہوتا ہے۔ 
وہ جانور جس کا سر ڈھلکا ہو یا نیچے کی جانب گرا ہوا ہو وہ کسی بیماری کا شکار ہے کیونکہ عام طور پر چست جانور ہمیشہ اپنا سراٹھا کر رکھتا ہے نیچے کی جانب نہیں گراتا۔  
ایک اور ماہر عبدالرحمان القحم کا کہنا تھا کہ ’تجربہ اہم چیز ہے۔ جانور خریدنے سے قبل اس کا اچھی طرح معائنہ کرلیا جائے جانور کی آنکھیں اگر چمکدار ہوں اور ان میں پیلاہٹ یا سرخی نہ ہو۔ علاوہ ازیں کسی قسم کی رطوبت آنکھ اور نتھنوں میں نہ ہو تو اس کامطلب ہے کہ جانور صحت مند ہے۔‘
مویشی پروری کے شعبے سے تعلق رکھنے والے عبداللہ السھلی کا کہنا تھا کہ ’اگر جانور کی رانوں یا دستی کے نیچے غیر معمولی ابھار ہوں تو ایسا جانور ’ٹی بی‘ کا شکار ہوسکتا ہے۔‘
’ایسے جانور جسے مسلسل کھانسی لگی ہواس کا مطلب ہے کہ اس کے پھیپھڑوں میں کیڑے ہیں جبکہ وہ جانور جس کے بال مسلسل گر رہے ہوں اس کا جگر خراب ہوسکتا ہے۔‘

شیئر: