امریکہ کی ’ڈیتھ ویلی‘ میں درجہ حرارت 54 ڈگری، کینیڈا میں ایمرجنسی نافذ
امریکہ کی ’ڈیتھ ویلی‘ میں درجہ حرارت 54 ڈگری، کینیڈا میں ایمرجنسی نافذ
پیر 12 جولائی 2021 7:12
بہت سے سیاح تھرمامیٹر کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے اپنی ایئرکنڈیشنڈ گاڑیوں سے باہر نکلے (فوٹو: روئٹرز)
شدید گرمی کی لہر کے باعث امریکہ کی مغربی ریاستوں میں اتوار کو بھی سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ کینیڈا میں جنگلات میں آگ پھیلتی جا رہی ہے جس کے پیش نظر حکومت نے نئی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے ڈیتھ ویلی میں 54 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو ایک بار پھر کرہ ارض پر سب سے زیادہ گرم ترین علاقہ بن گیا ہے۔
ڈیتھ ویلی میں فرناس کریک ویزیٹر سینٹر کے باہر نصب تھرمامیٹر پر اتوار کو شام چار بجے سے پہلے 134 ڈگری فارن ہائیٹ درجہ حرارت دیکھا گیا۔
قومی موسمیاتی سروس نے سنیچر کو 130 ڈگری فارن ہائیٹ درجہ حرارت ریکارڈ کیا تھا جس کی اگر تصدیق کی جائے تو یہ کرہ ارض پر سب سے زیادہ ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت میں سے ایک ہوگا۔
امریکہ کی جنوب مغربی ریاست ایریزونا کے ایک رہائشی رچرڈ ریدر نے بتایا کہ ’میں یہاں یہ دیکھنے آیا ہوں کہ یہ کتنا گرم ہو سکتا ہے۔‘
رچرڈ ریدر نے بتایا کہ انہوں نے اتوار کو ڈیتھ ویلی میں اپنی بائیک پر 10 میل کا سفر طے کیا ہے۔
بہت سے سیاح تھرمامیٹر کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے اپنی ایئرکنڈیشنڈ گاڑیوں سے باہر نکلے۔
قومی موسمیاتی سروس نے خطے میں شدید گرمی کی لہر کا انتباہ جاری کیا ہے اور رہائشیوں خصوصاً بچوں اور بزرگوں کو خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافہ ان کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
شدید گرمی کی وجہ سے شمال مغربی بحرالکاہل میں پاور گرڈ سٹیشنز پر دباؤ بڑھ گیا اور کئی جنگلات میں آتشزدگی کے بڑے واقعات سامنے آئے۔ امریکی ریاست آریگون میں لگنے والی آگ نے ایک ہزار دو سو گھر اور دیگر تعمیرات کو خطرے میں ڈالا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کینیڈا میں بھی جنگلات میں آگ پھیلتی جا رہی ہے جس کے پیش نظر حکومت نے نئی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ آتشزدگی کے مزید واقعات سے بچا جا سکے۔
قومی موسمیاتی سروس نے اپنی ویب سائٹ پر اتوار کو یہ کہا تھا کہ ’گرمی کی خطرناک لہر مغربی امریکہ کو ریکارڈ توڑ درجہ حرارت سے متاثر کرے گی۔‘ جبکہ کینیڈا میں ماہر موسمیات نے مغربی کینیڈا کے علاقوں میں درجہ حرارت 90 فارن ہائیٹ (32ڈگری سینٹی گریڈ) تک پہنچنے کی پیشگوئی کی ہے۔