غیرمعمولی جغرافیائی خصوصیات کی حامل عسیر کی وادی زعبان
عسیر ریجن کی کمشنری محایل اپنی وادیوں اور پُر فضا مقامات کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے۔
عسیر ریجن کے شمال مغرب کے گاؤں الطحالین کی وادی زعبان غیرمعمولی جغرافیائی خصوصیات کی حامل ہے۔
اس کے جنوب مغرب میں السراہ پہاڑ جبکہ مغرب میں تهامہ ہے جو عسیر کے قدرتی و پُر فضا مقامات کے حوالے سے وزیٹرز کے لیے مثالی مقام مانا جاتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وادی کی سب سے منفرد خصوصیت اس کے پانی کا نیٹ ورک ہے جہاں پہاڑی علاقوں سے بارش کا پانی تهامہ کے قصبوں، کھیتوں اور چراگاہوں کو سیراب کرتا ہے جس کی وجہ سے علاقے فطری حسن سے مالا مال ہیں۔

وادی میں انواع و اقسام کے پودوں کی کثرت ہے جو مختلف ماحول کے مطابق علاقے میں نشوونما پاتے ہیں۔ بیری کے درخت بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں جبکہ ببول کی جھاڑیاں اور ڈھلوانوں اور اونچی جگہوں پر جنگلی زیتون اور موسمی پودوں کی مختلف اقسام کی بہتات ہے۔
یہاں پائے جانے والی نباتات مٹی کی مضبوطی اور کٹاؤ کو کم کرنے میں معاون ہوتے ہیں جبکہ ہوا کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ نقل مکانی کرکے آنے والے پرندوں کے لیے یہ درخت اور جھاڑیاں عارضی مسکن کا کام بھی کرتے ہیں۔

ریجن اپنی مثالی آب و ہوا اور زرخیز زمین کی وجہ سے کاشتکاری کے لیے بھی انتہائی مناسب ہے۔
ماضی سے ہی یہاں مختلف اقسام کی فصلیں جن میں مکئی، جوار، تِل اور دیگر اجناس کی کاشت کی جا رہی ہے۔
وادی کی دیگر خصوصیات کے علاوہ یہاں پائی جانے والی قدرتی چراگاہیں مویشی پروری کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتی ہیں۔

وادی کی اہمیت سیاحت کے حوالے سے بھی اہم ہے یہاں کی تازہ و صاف ہوا اور قدرتی دلکش مناظر و انواع و اقسام کے پودے سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔
علاقے کے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے انتظامیہ نے مثالی اقدام کیے ہیں۔

ان میں واکنگ ٹریکس کی تعمیر، فیملی پارکس کا قیام اور قدرتی مناظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرنے کے لیے فوٹوگرافری پوائنٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
وادی کی دیگر خصوصیات کے علاوہ سب سے اہم خوبی اس کا محایل عسیر شہر کے قریب ہونا ہے جس کی وجہ سے سیاح یہاں بآسانی پہنچ کر وادی ’زعبان‘ کے دلکش نظاروں سے بخوبی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
