Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں بارودی سرنگیں، مسام پروجیکٹ میں مزید ایک سال کی توسیع

اب تک 2 لاکھ 63 ہزار بارودی سرنگیں صاف کی جا چکی ہیں(فوٹو ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کے لیے مسام پروجیکٹ میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق 33.6 ملین ڈالر کا معاہدہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ سعودی اور بین الاقوامی ماہرین یمن کے مختلف علاقوں خصوصا مارب، عدن، صنعا، الجوف، الھاھل، الحدیدۃ، شبوہ اور تعز میں حوثی باغیوں کی جانب سے بچھائی گئی ان بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کا کام جاری رکھیں۔
حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ پروگرام کےآغاز سے اب تک 2 لاکھ 63 ہزار بارودی سرنگیں صاف کی جا چکی ہیں۔
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے سپروائز جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ’یہ معاہدہ یمنی بھائیوں کے بارے میں مرکز کی انسانی ہمدردی کی ذمہ داری سے بالاتر ہو کر ایگزیکٹو پارٹنر کے ساتھ تجدید کیا گیا ہے۔‘
 ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دنیا بھر اور یمن میں ہیومینیٹیرین کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات (مسام) کے نام سے حوثیوں کی بچھائی ہوئی باروی سرنگیں صاف کرنے کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔

مسام کے پاس بارودی سرنگوں کی صفائی کے لیے 32 ٹیمیں ہیں( فوٹو ایس پی اے)

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مسام پروجیکٹ یمن کےعوام کے دکھوں کو کم کرنے میں مدد کے لیے متعدد اقدامات میں سے ایک ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز امدادی سینٹر کے تحت ’مسام منصوبے‘ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
مسام کے پاس اس کام کے لیے 32 ٹیمیں ہیں اور اس کا مقصد یمن میں بارودی سرنگوں کو ختم کرنا ہے تاکہ عام شہریوں کی حفاظت کی جا سکے اور یہ یقینی بنانا ہے کہ فوری طور پر انسانی ہمدردی کی فراہمی کو بحفاظت فراہم کیا جائے۔
سعودی عرب کی جانب سے جاری اس منصوبے کے تحت  مقامی انجینئروں کو بارودی سرنگیں صاف کرنے کی تربیت دی جاتی ہے، انہیں جدید سامان مہیا کرنے کے علاوہ متاثرین کی مدد کی جاتی ہے۔

شیئر: