Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حوثی بین الاقوامی برادری کو کھلا چیلنج کررہے ہیں‘

حوثیوں کے حملوں کے خلاف عرب دنیا شدید ردعمل کا اظہار کررہی ہے(فائل فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط پر ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے حملوں کے خلاف مسلم اور عرب دنیا شدید ردعمل کا اظہار کررہی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت نے حملے کی نئی کوشش پر حوثیوں کی مذمت کی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے سعودی شہر خمیس مشیط کی سول تنصیبات اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے حوثیوں کے نئے ڈرون حملے پر مذمت کی ہے۔
ڈاکٹر یوسف العثیمین نے سعودی فضائی دفاعی نظام کو اس بات کے لیے سراہا کہ اس نے بارودی ڈرون کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سیکریٹری جنرل ڈاکٹر العثیمین نے سعودی عرب کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ ’حوثیوں کے بار بار دہشت گردانہ حملے اس بات کا اظہار ہیں کہ وہ بین الاقوامی برادری کو کھلا چیلنج کررہے ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’عالمی برادری مملکت کے امن وامان، سول اور اہم تنصیبات کو بار بار نشانہ بنانے والے حوثیوں کے حملے بند کرانے کے لیے بھی فوری اقدام کرے‘۔
 بحرین کے دفتر خارجہ نے کہا کہ’ حوثیوں کا حملہ تمام بین الاقوامی قوانین و روایات اور انسانی بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے‘۔ 
بیان میں کہا گیا کہ’ سعودی عرب حوثیوں کے حملوں سے اپنی سرحدوں، شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی حفاظت اور حوثیوں کو آئندہ اس قسم کے جارحانہ حملوں سے باز رکھنے کے لیے جو بھی اقدامات کرے گا بحرین کو اپنے ساتھ  کھڑا پائے گا‘۔
کویت نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کا مقصد مملکت ہی نہیں پورے خطے کے امن و استحکام کو ہدف بنانا ہے۔ یہ بین الاقوامی اور انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے‘۔
عالمی برادری حوثیوں کو دہشت گردانہ کارروائیوں سے باز رکھنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدام کرے۔

شیئر: