Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارض الحرمین ملت اسلامیہ کا مرکز ہے ، رانا فاروق

 
بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی وطن عزیز کا حقیقی معنوں میں سفیر ہے ، معروف پاکستانی صحافی کا اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب
 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) معروف پاکستانی صحافی رانا فاروق طاہر نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی حقیقی معنوں میں وطن عزیز کا سرمایہ ہیں ۔ تارکین کی جانب سے ارسال کیا جانے والا زرمبادلہ ملکی معیشت کے استحکام میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ وہ پاکستان میڈیا گروپ کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت قونصل پریس ارشد منیر نے کی جبکہ نظامت کے فرائض میڈیا گروپ کے جنرل سیکریٹری چوہدری ریاض گھمن نے ادا کئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا طاہر نے مزید کہاہمارا اخبار بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے اسی لئے ہم نے اسکا نام اوورسیز فائل رکھا ہے ۔ ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ بیرون ملک مقیم افراد وطن عزیز کی محبت سے سرشار ہیں انکا ہر لمحہ فکر وطن میں گزرتا ہے ۔ پاکستان میں معمولی سا واقعہ ہی کیو ں نہ ہو بیرون ملک مقیم ہمارے بھائی پریشان ہو جاتے ہیں انکی یہ فکرحب وطن کی واضح دلیل ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ وطن سے دور رہنے والوں کے مسائل کو کم کرنے اور انکا مناسب حل تلاش کرنے کےلئے حکام بالا تک انکے مسائل پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں تاکہ کسی حد تک ہم انکے ہم دوش رہیں ۔ رانا فاروق طاہر نے مزید کہا سعودی عرب عالم اسلام کا قبلہ ہے اس کا احترام ہم سب پر واجب ہے ۔ سرزمین حرمین کے دفاع کےلئے ہر پاکستانی اپنی جان بھی قربان کرنے میں اپنے باعث سعادت تصور کرتا ہے ۔ حرمین شریفین ملت اسلامیہ کا مرکز و محور ہے ۔ آپ لوگ جو یہاں مقیم ہیں خوش قسمت ہیں کہ جب چاہیں حرمین شریفین میں جا سکتے ہیں ۔ وطن عزیز کے استحکام اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کریں ۔ مملکت کے مقامی قوانین کا ہمیشہ خیال رکھتے ہوئے اس بات کو مقدم رکھیں کہ آپکے ہر عمل کا براہ راست اثر وطن عزیز کی ساکھ پر پڑتا ہے ۔ آپ میں سے ہر شخص وطن عزیز کا حقیقی معنوں میں سفیر ہے اپنے عمل سے اس بات کو ہمیشہ مقدم رکھیں ۔صدر تقریب پریس قونصل ارشد منیر نے اپنے خطاب میں مہمان خصوصی کو عمرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ قونصلیٹ میں نئے آنے والے افسران ریجن میں مقیم ہم وطنوں کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے ۔ قونصلیٹ کے دروازے بلا تفریق ہر پاکستانی کےلئے کھلے ہیں ۔ تقریب سے پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے مرکزی رہنما ملک محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا دیانتدار صحافت معاشرے کی تعمیر و اصلاح کےلئے تریاق کا درجہ رکھتی ہے ۔ پاکستانی صحافی بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کے مسائل کو بہتر انداز میں اجاگر کریں تاکہ حکام بالا تک درست طور پر پہنچ سکیں ۔ تقریب سے غلام نبی بٹ ، بلو شیر، پاکستان میڈیا گروپ کے صدر چوہدری رضوان ، انجئینر احسان الحق اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو عمرہ کی مبارک باد پیش کی ۔

شیئر: