Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا وبا کے دوران سعودی عرب کی ای ایجوکیشن سہولتیں دنیا کے لیے مثال‘

علمی اور تعلیمی تجربات کا تبادلہ کیا جائے- (فوٹو وزارت تعلیم ٹوئٹر)
خلیجی تعاون کونسل ممالک جی سی سی کے وزرائے تعلیم و تربیت کا اتوار کو ورچول اجلاس  ہوا ہے۔ سعودی عرب کی نمائندگی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کی ہے۔  
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کہا کہ سعودی عرب نے وبا کا چیلنج قبول کر کے غیر معمولی کام کیا ہے۔ اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر سکولوں میں آن لائن تعلیم کا ہدف حاصل کیا جسے ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی ہرسطح پر سراہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم  نے نئے تعلیمی سال کے دوران متعدد نئے منصوبے نافذ کیے۔ ان میں نئی تعلیمی سکیمیں اور کورسز قابل ذکر ہیں- وزارت تعلیم نے ثانوی سکولوں میں نیا ٹریک سسٹم بھی قائم کیا ہے۔ علاوہ ازیں تین تعلیمی سیشن کا اصول بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔ 

وزارت تعلیم نے ثانوی سکولوں میں نیا ٹریک سسٹم قائم کیا ہے- (فوٹو وزارت تعلیم ٹوئٹر)

سعودی وزیر تعلیم نے کہا کہ مملکت نے ’مدرستی‘ پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن تعلیم اور ای ایجوکیشن کے شعبے میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ سعودی عرب نے سکول کے ہر مرحلے کے لیے ای ایجوکیشن سہولتیں فراہم کرکے منفرد مثال پیش کی۔ مدرستی پلیٹ فارم کو الیکٹرانک ایجوکیشن کے ساتھ بین الاقوامی پلیٹ فارموں میں بہترین تسلیم کیا گیا ہے۔ 
وزیر تعلیم نے موجودہ تعلیمی سال کے  دوران ای پلیٹ فارم میں شامل کی جانے والی نئی خصوصیات کا جائزہ بھی پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مدرستی پلیٹ فارم بیرون مملکت موجود سعودی سکولوں کے لیے بھی ہے جبکہ روضتی پلیٹ فارم کے ذریعے نرسری کے بچوں کو ای ایجوکیشن کی سہولت دی جا رہی ہے۔  
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نایف الحجرف نے کہا کہ جی سی سی ممالک کے لیے ضروری ہے کہ وہ علمی اور تعلیمی تجربات کا تبادلہ  کریں اور اس حوالے سے یکجہتی پیدا کریں اور ایک دوسرے کی مدد کریں- 
خلیجی ممالک کے عرب تربیتی ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرحمن العاصمی نے کہا کہ کورونا وبا نے تعلیم کے حوالے سے بڑے چیلنج دیے۔ جی سی سی ممالک کے درمیان تعلیم و تربیت کے شعبے میں معلومات اور تجربات کے تبادلے کے لیے تعاون ناگزیر ہے۔
خلیجی وزرائے تعلیم و تربیت نے سابقہ اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں اور ان پر عمل درآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: