Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن کلاسز کا آغاز، ساٹھ لاکھ سے زیادہ طلبہ شریک

وزارت تعلیم نے ٹوئٹر پر آن لائن تعلیم کے حوالےسے وڈیو کلپ  شیئر کیا ہے(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں 60 لاکھ سے زیادہ طلبہ و طالبات نے اتوار کو نئے تعلیمی سال کا آغاز آن لائن کلاسز سے کیا ہے۔ سعودی وزارت تعلیم نے ’مدرستی‘ پلیٹ فارم پر تعلیم کا انتظام کیا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق تعلیمی سال کے پہلے ہفتے کے دوران اندراج اور ٹریننگ کا اہتمام کیاجائے گا جبکہ طلبہ اور اساتذہ کو آن لائن تعلیم کے حوالے سے سازگار ماحول مہیا کیا جائے گا۔ 
وزارت تعلیم نے ٹوئٹر پر ایک وڈیو کلپ  شیئر کیا ہے جو آن لائن تعلیم کے حوالے سے ہے۔  
 ایک بیان میں وزارت تعلیم نے اطمینان دلایا کہ سعودی عرب میں تمام طلبہ و طالبات جس پلیٹ فارم سے استفادہ کریں گے  وہ آئندہ تعلیم و تعلم کے عمل کا نمونہ ہوگا۔
تعلیمی دن کا آغاز قومی ترانے سے کیا جارہا ہے پھر جسمانی ورزش ہوگی۔ آن لائن کلاسوں میں طلبہ و طالبات اوراساتذہ  سے کس طرح رابطے میں ہوں گے  یہ دکھایا گیا ہے۔ تعلیمی سال کے ابتدائی سات ہفتوں کے دوران آن لائن تعلیم کے لیے مطلوبہ کامیابی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے طلبہ و طالبات کے سرپرستوں کے ساتھ تعاون کی حکمت عملی بھی اجاگر کی گئی ہے- 
ایجوکیشن پلیٹ فارم طلبہ و طالبات کو اساتذہ اور ایک دوسرے سے ربط و ضبط کا موقع فراہم کررہا  ہے۔ طلبہ آپس میں بھی اپنے مضمون کے بارے میں بات چیت کرسکیں گے۔ اساتذہ سے سوالات کرکے ان کے جوابات حاصل کرسکیں گے۔

طلبہ کی کارکردگی کی بنیاد پر ان کا امتحان ہوگا(فوٹو عرب نیوز)

طلبہ اپنا ہوم ورک دیں  گے- اساتذہ اسے چیک کریں گے- طلبہ کی کارکردگی کی بنیاد پر ان کا امتحان ہوگا اور رزلٹ کی بنیاد بھی یہی کارکردگی بنے گی۔ 
آن لائن تعلیم کا آغاز اتوار کو مڈل اور ثانوی سکول کے طلبہ سے صبح  9 بجے کیا گیا جبکہ پرائمری سکول کی آن لائن تعلیم سہ پہر 3 بجے سے شروع کی گئی۔  
وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ نجی، غیرملکی اور انٹرنیشنل سکول بھی مدرستی پلیٹ فارم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہیں بھی آن لائن تعلیم کے وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ عین سیٹلائٹ چینل کے ذریعے دن میں بار بار اسباق پیش کیے جائیں گے۔ یو ٹیوب پر چینل کے لنک سے بھی انہیں دیکھا جاسکے گا- اگر کسی طالب علم یا طالبہ کی کلاس چھوٹ گئی ہو تو وہ چینل پر پروگرام کی مدد سےاپنا کام مکمل کر سکے گا۔ 

شیئر: