Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اگلا الیکشن نئی مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے تحت ہو گا: فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’مردم شماری 18 ماہ میں مکمل ہو جائے گی اور آئندہ الیکشنز نئی حلقہ بندیوں اور نئی مردم شماری کے تحت ہوں گے۔‘
منگل کو کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’ساتویں مردم شماری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔‘
فواد چوہدری نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے حوالے سے کہا ہے کہ ’اپوزیشن کو حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دینا چاہیے جو انتخابی اصلاحات کے لیے کوشاں ہیں ورنہ حکومت کے لیے انتخابات میں دھاندلی کرنا کوئی مشکل بات نہیں ہوگی جبکہ اپوزیشن خود کہتی ہے کہ ادارے بھی ساتھ ہیں۔‘
فواد چوہدری نے الیکشن اصلاحات کے حوالے سے کہا کہ ’اپوزیشن کو حکومت کی اصلاحات پسند نہیں ہیں۔ وہ کہیں ہم کہ ہم یہ نہیں مانتے یہ کریں۔ یہ نہیں ہوگا کہ وہ (اپوزیشن) خود بھی کچھ نہ کریں اور ہمیں بھی نہ کرنے دیں۔‘
 انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اعتراض کے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بھی تجویز دینی چاہیے لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ ’اپوزیشن کے لیے کرسیاں اوپر نہیں ہوئی بلکہ کرسیاں ان کے لیے نیچے آئی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اپوزیشن صرف پیسے بچانے کے لیے انتخابی اصلاحات پر سیاست کررہی ہے، اگر آج ہم ان کو کہہ دیں کہ جو پیسے آپ کے پاس ہیں ان کا کوئی حساب کتاب نہیں ہوگا تو یہ سارے ریٹائر ہو جائیں گے۔‘
فواد چوہدری نے یہ بھی بتایا کہ کابینہ اجلاس میں کورونا کی صورت حال کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ان کے مطابق ’ہم چاہتے ہیں کہ سینما گھروں کو کھولا جائے اور اس حوالے سے این سی او سی کے ساتھ بات کی جائے گی۔
مہنگائی سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جو ممالک گیس میں خود کفیل اور تیل درآمد کرتے ہیں، ان ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہیں
انہوں نے کہا عالمی منڈی میں مہنگائی اور پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دراصل مہنگائی کا باعث ہے۔
اس موقع پر انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کابینہ اجلاس میں وفاقی ملازمین کو ریلیف دینے کے لیے ہاؤس الاؤنس میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شیئر: