Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان سے مشیر امریکی قومی سلامتی کی ملاقات

 باہمی دلچسپی کے مسائل اور خطے کے حالات پر مذاکرات ہوئے ہیں( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے پیر کی رات امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان نے نیوم میں ملاقات کی۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں میں امریکہ اور سعودی عرب کے سٹراٹیجک تعلقات اور انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ 
 باہمی دلچسپی کے مسائل اور خطے کے حالات پر مذاکرات کیے گئے ہیں۔
 سعودی ولی عہد نے کہا کہ ’ یمنی بحران ختم کرانے کے لیے سعودی اقدام موثر ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں مکمل جنگ بندی ہو۔ اقوام متحدہ کی اس تجویز کی حمایت کی گئی جس کے تحت آئل ٹینکرز کو الحدیدۃ بندرگاہ میں داخل ہونے کی اجازت کی بات کہی گئی ہے‘۔ 
’سعودی امن اقدام برائے یمن میں صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتخب ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں چلانے اور وہاں سے صنعا ایئرپورٹ پروازیں اتارنے کی اجازت دی گئی ہے۔ امدادی سامان لے جانے والی پروازوں کو بھی صنعا ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت ہوگی‘۔  
سعودی اقدام کے تحت یمن کے تمام فریق اقوام متحدہ  کے سائبان تلے یمنی بحران کے سیاسی حل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مشاورت شروع کریں۔ مشاورت کی بنیاد اقوام متحدہ کی قراردادیں، خلیجی تعاون کونسل امن اقدام اور یمن کے تمام فریقوں کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ قراردادوں پر انحصار کیا جائے۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ’ امریکہ سعودی عرب کا سٹراٹیجک شریک تھا، ہے اور رہے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ’ امریکہ سعودی سرحدوں کے دفاع میں مملکت کی مدد کے اپنے عہد کا پوری طرح سے پابند ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے میزائل اور ڈرونز حملوں کے خطرات سے نمٹنے کے سلسلے میں بھی امریکہ سعودی عرب کے ساتھ ہے‘۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے مزید کہا کہ ’صدر جوبائیڈن یمنی بحران ختم کرانے اور اس کے سیاسی پائدار حل کے حوالے سے سعودی نصب العین کے حامی ہیں‘۔
 امریکی مشیر کا کہنا تھا کہ’ امریکہ یمنی بحران کے سیاسی حل تک رسائی کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں اور تجاویز کی مکمل حمایت کرتا ہے‘۔
سعودی عرب اور امریکہ نے اس ہدف تک رسائی کے لیے سفارتی جدوجہد تیز کرنے کی مشترکہ اپیل کی ہے۔
فریقین نے اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن کی آئینی حکومت کے  ساتھ حوثیوں کو نیک نیتی کے ساتھ سیاسی مذاکرات میں شریک کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ 
اس موقع پر وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ عبداللہ بن بندر، نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان سعودی عرب کی جانب سے شریک ہوئے۔
امریکہ کی جانب سے امریکی قومی سلامتی کونسل میں مشرق وسطی و شمالی افریقہ امور کے رابطہ کار برٹ میکفر، امریکی ایلچی برائے یمن اور مملکت میں متعین امریکی ناظم الامور نے شرکت کی۔

شیئر: