Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ملازمت پیشہ خواتین کے لیے’ وصول پروگرام‘ میں دو سال کی توسیع

مالی مدد 800 ریال سے 1100 ریال تک بڑھا دی گئی ہے۔(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں خواتین کو کام کی جگہ پر آنے جانے کے لیے مالی مدد فراہم کرنے والے وصول پروگرام میں دو سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔
عرب نیوز نے عکاظ اخبار کے حوالے سے بتایا ہے کہ 2017 میں شروع ہونے والی اس سکیم سے اب تک ایک لاکھ خواتین فائدہ اٹھا چکی ہیں۔
ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ فنڈ(ہدف )نے ملازمت پیشہ سعودی خواتین کے لیے ’وصول‘ پروگرام کے ذریعے دی جانے والی مالی مدد 800 ریال سے 1100 ریال تک بڑھا دی ہے۔
وصول پروگرام کے تحت خواتین کام کی جگہ پر آنے جانے کے لیے ہر سفر پر 80 فیصد رعایت حاصل کر سکتی ہیں۔
اس رعایتی سکیم کے تحت 6 ہزار ریال یا اس سے کم تنخواہ پانے والی خواتین کو ماہانہ 1100 ریال کی امداد حاصل ہو گی جبکہ 6 ہزار ریال سے 8 ہزار ریال تک تنخواہ پانے والی خواتین کو ماہانہ 800 ریال کی مدد حاصل ہو گی۔
اس اقدام کا مقصد نجی شعبے میں لائسنس یافتہ سمارٹ ایپس کے ذریعے ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ شراکت میں اعلی معیار کی خدمات کو برقرار رکھنے کےعلاوہ سعودی خواتین کارکنوں کے لیے نقل و حمل کے اخراجات کو کم کرنا ہے۔
سعودی وزارت نقل و حمل کے ذریعے یہ خدمت لائسنس یافتہ کمپنیوں کو فراہم کی جا رہی ہے تا کہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائےاوراعلی معیار کی خدمات کو برقرار رکھا جا سکے۔
’وصول پروگرام‘ میں اس خدمت کے لیے مملکت کے 13علاقوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان میں ریاض، مکہ مکرمہ،مشرقی صوبہ،المدینہ،تبوک،عسیر،قصیم،حائل،جازان،شمالی سرحد، نجران، الجوف اورالباحہ شامل ہیں۔

 سکیم کے تحت 6 ہزار ریال یا اس سے کم تنخواہ پانے والی خواتین کو ماہانہ 1100 ریال کی امداد حاصل ہو گی(فائل فوٹو العربیہ)

واضح رہے کہ ’وصول ٹرانسپورٹ پروگرام‘ کا مقصد لیبر مارکیٹ میں خواتین کی شرکت میں اضافہ اور ملازمت میں استحکام پیدا کرنا ہے۔
18 سے 65 سال عمر کی ایسی سعودی خواتین جن کے پاس اپنی گاڑی نہیں یا جو گاڑی چلانا نہیں جانتیں یا جن کے پاس گاڑی چلانے کا لائسنس نہیں ہے انہیں ملازمت کے مقام پر پہنچنے اور واپسی کے لیے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
’وصول پروگرام‘ ان خواتین کے لیے یومیہ سفر کو آسان بنانے میں مدد کرتا ہے۔ 60 ہزار سے زیادہ سعودی خواتین ملازمین نے نقل و حمل کے اس خاص پروگرام سے فائدہ اٹھایا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد ایسے حل تلاش کرنا ہے جو نجی شعبے میں سعودی خواتین کارکنوں کے لیے نقل و حمل کے اخراجات کے بوجھ کو کم کرکے انسانی وسائل کے ترقیاتی فنڈ سے اعلی معیار کے لیے سبسڈی فراہم کریں۔
ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ فنڈ (ہدف) کے مطابق اس نے وصول پروگرام میں ترامیم اور اپ ڈیٹ کی ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ درخواست دہندگان کی ایک بڑی تعداد اس سہولت سے مستفید ہو رہی ہے۔

شیئر: