Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2027: پاکستان میں روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کے انتظامات کا جائزہ

پاکستان میں سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے بھی شرکت کی( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
جدہ سُپر ڈوم میں حج کانفرنس و نمائش 2026 کے موقع پر پاکستان میں سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کی نگران کمیٹی کے ابتدائی اجلاس میں شرکت کی۔
 حج سیزن 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں پاکستان کے حج امور آفس کے حکام نے سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور ابرار احمد مرزا کی سربراہی میں شرکت کی۔
اجلاس میں پراجیکٹ پر عمل درآمد کے لیے ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور ضیوفِ رحمان کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار مزید بلند کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے مابین تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
 پاکستان روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ سے مستفید ہونے والے ملکوں میں شامل ہے۔ تین بڑے شہروں دارالحکومت اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹس  پر عازمینِ حج کو یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
روٹ ٹو مکہ کے تحت عازمینِ حج کی سعودی امیگریشن اور دیگر سفری کارروائیاں روانگی سے پہلے ہی اپنے ملک کے ایئرپورٹس پر مکمل کر لی جاتی ہیں۔
 سعودی عرب پہنچنے پرعازمین حج کو طویل انتظار اور امیگریشن کے مراحل سے نہیں گزرنا پڑتا جس سے سفر زیادہ آسان، تیز اور آرام دہ ہو جاتا ہے۔
یاد رہے ’روٹ ٹو مکہ‘ انیشیٹیو کا آغاز 2017 میں کیا تھا جو سعودی وژن 2030 کا ایک اہم حصہ ہے۔

 

شیئر: