قرطبہ میں منفرد تقریب، مسلم سکالرز کی تہذیبی اور علمی خدمات اجاگر
جمعرات 12 نومبر 2026 22:12
اندلس میں مسلم حکمرانی کے خاتمے کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا اجتماع ہے (فوٹو: ایس پی اے)
رابطہ عالم اسلامی نے اس ہفتے سپین کے شہر قرطبہ میں تہذیبی مکالمے اور مشترکہ تہذیبی ورثے کے فروغ کے لیے ایک منفرد تقریب کا اہتمام کیا جس کا مقصد مسلم سکالرز کے علمی اور سائنسی ورثے کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
اندلس میں منعقدہ اس تقریب مسلم سکالرز کی تہذیبی اور علمی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے محور فلسفی ابن رشد رہے جو مغرب میں ایوروس کے نام سے معروف ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق رابطہ عالم اسلامی نے اس اجتماع کو اندلس میں مسلم حکمرانی کے خاتمے کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا اجتماع قرار دیا۔
ابن رشد کو مرکزی شخصیت کے طور پر منتخب کیا گیا جنہیں اسلامی اور یورپی تہدیبوں کے درمیان مشترکہ علمی قدر و منزلت کی نمایاں علامت سمجھا جاتا ہے۔
اقوام متحدہ کے الائنس آف سویلائزیشنز کے تعاون سے منعقدہ اس تقریب میں سپین اور بیرون ملک سے ماہرین تعلیم ، دانشوروں اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
شرکا میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ محمد بن عبدالکریم العیسی، اقوام متحدہ کے الائنس آف سویلائزیشنز کے اعلی نمائندے میگوئل موراتینوس اور قرطبہ کے میئر جوزے ماریا بیلیٹو شامل تھے۔
اس تقریب میں شامل دیگر اداروں میں یونیسکو، اندلس کی علاقائی حکومت اور قرطبہ کی صوبائی کونسل اور قرطبہ سٹی کونسل شامل تھے۔
