Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کانفرنس و نمائش میں دو ہزار سے زائد معاہدے، دو لاکھ افرد کی شرکت

 کانفرنس کے علمی پروگرام میں 460 سے زائد مقررین شریک ہوئے ( فوٹو: ایس پی اے)
جدہ میں چار روزہ چھٹی حج کانفرنس و نمائش  اختتام پذیر ہو گئی۔ 150 سے زائد ملکوں کی شرکت کے ساتھ سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش شعبوں سے تعلق رکھنے والے 520 سے زائد اداروں نے حصہ لیا۔
ایس پی اے کے مطابق اس ایونٹ میں دو لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی اور اس دوران دو ہزار 553 معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
یہ کانفرنس حج سیزن 2026 کی ابتدائی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔  حج امور کے دفاتر، خدمات فراہم کرنے والے اداروں، سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش تنظیموں، پالیسی میکرز، کاروباری افراد اور جدت پسندوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کیا گیا تاکہ معاہدوں اور تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
 کانفرنس کے علمی پروگرام میں 460 سے زائد مقررین شریک ہوئے جبکہ 45 پینل مباحثے شامل تھے اس کے علاوہ 71 خصوصی ورکشاپس بھی منعقد کی گئیں جن میں 3500 افراد نے حصہ لیا۔
کانفرنس میں 47 مذاکراتی نشستوں کے دوران حج خدمات کے انتظامی و ترقیاتی امور، خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی ضروریات اور عازمین کے تجربے کو بہتر بنانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر 74 ممالک کے حج مشنز کے ساتھ آئندہ حج انتظامات سے متعلق معاہدوں پر دستخط  کیے گئے جن میں عازمین کی آمد اور دیگر انتظامی امور شامل تھے۔
کانفرنس میں خدمات کے معیار اور جدت کے اعتراف میں مختلف ایوارڈز دیے گئے۔ نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط نے ایوارڈز تقسیم کیے۔

حج کانفرنس میں پہلی مرتبہ ’آگاہی و تربیت فورم‘ کا انتظام کیا گیا۔ 12 مذاکراتی نشستوں میں آگاہی کی تیاریوں کا انڈیکس، کارکنوں کے لیے متحدہ پورٹل اور حج امور کے دفاتر و گروپ لیڈرز کے پروگرام کے بارے میں تعارف پیش کیا گیا۔ 76 ممالک سے تعلق رکھنے والے 658 افراد کو چار زبانوں میں گیارہ تربیتی شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی۔
چار روزہ کانفرنس میں 14 گھنٹے کی نشستوں میں حج خدمات کی بہتری کے لیے تکنیکی اور انتظامی حل زیر بحث آئے۔ نئی کمپنیوں کی نمائش میں 10 اداروں نے اپنی مصنوعات پیش کیں۔ 

’ فیوچر انوینشن‘ کے عنوان سے کیمپ میں 20 ٹیموں نے سمارٹ آپریشنز، کراؤڈ کنٹرولنگ، پائیداری اور عازمین کے لیے سہولت سے متعلق حل تیار کیے۔
علاوہ ازیں 12 سرکاری اقدامات، 574 جدید مصنوعات اور 13 اختراعی مصنوعات کے عملی مظاہرے بھی پیش کیے گئے۔

 

شیئر: