Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد بن راشد نے 2071اماراتی صدی کا اعلان کردیا

ابوظبی .... متحدہ عرب امارات کے نائب صدر حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد ال مَتوم نے ”2071 اماراتی صدی“ کا اعلان کردیا۔ یہ طویل المیعاد سرکاری عملی پروگرام ہوگا۔ آنے والی نسلوں کے لئے مینار ہ نور ثابت ہوگا۔ اسکے ذریعے مستقبل کے امارات کی تشکیل اور آنے والی نسلوں کیلئے ریاست کی تجدید ہوگی۔ امارات 2071 جامع سرکاری لائحہ عمل ہے۔اسکے ذریعے ریاست کی حیثیت اور وقار بہتر بنانے کیلئے قومی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ سرکاری آمدنی کے ذرائع میں تنوع کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ تعلیم پر بھاری سرمایہ کاری ہوگی۔ آنے والی نسلوں کیلئے اماراتی اخلاقیات و اقدار کو استوار کیا جائیگا۔محمد بن راشد نے بتایا کہ ہمارے پاس 2021ءتک کی اسکیمیں تیار ہیں۔ اماراتی صدی کے تحت آئندہ5عشروں پر محیط نسلوں کا وژن اور طویل المیعاد سرکاری کاموں کا واضح نقشہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اماراتی صدی 4بنیادی محوروں پر قائم ہے۔ پہلے محور کے تحت واضح وژن والی ہوشمند قیادت کے ساتھ لچکدار نظام حکومت کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔ اسکا کام عوام کو خوش کرنا اورعالمی برادری کو مثبت پیغام دینا ہے۔ دوسرا محور تعلیم پر سرمایہ کاری سے تعلق رکھتا ہے۔ اس ضمن میں سائنس و ٹیکنالوجی پر زور دیا جائیگا۔ اخلاقی اقدارکو راسخ کیاجائیگا۔ تعلیمی اداروں میں پیشہ ورانہ روح بیدار کی جائیگی۔ ترقی یافتہ ممالک کے تجربات سے آراستہ ذہن تیار کئے جائیں گے۔تیسرے محور کا تعلق بہترین عالمی اقتصادی نظام کا حریف اقتصادی نظام تیار کرنا ہے۔ چوتھے محور میں معاشرے کے احترام اور رواداری کی قدروں کو راسخ کیا جائیگا۔
 

شیئر: