Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ اور الشرقیہ میونسپلٹی کے تفتیشی دورے، خلاف ورزیوں پر تجارتی مراکز سیل

جدہ میونسپلٹی کے نمبر یا بلدی ایپ پر شکایت درج کرائی جا سکتی ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی نے کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے گزشتہ تین روز کے دوران 9 ہزار سے زائد تفتیشی دورے کیے ہیں۔
دوسری جانب مشرقی ریجن میونسپلٹی کےافسران نے بھی مارکیٹوں، تجارتی مراکز کے دورے کیے اور  خلاف ورزیوں پر مختلف تجارتی ادارے سیل کردیے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے شہر کے مختلف علاقوں کے تجارتی اداروں، ریستورانوں، قہوہ خانوں اور مختلف مارکیٹوں کے 9 ہزار 902 تفتیشی دورے کیے۔ اس دوران بلدیہ کی ٹیموں نے نوٹ کیا کہ کچھ  مقامات پر درجہ حرارت کی چیکنگ، توکلنا ایپ پر کورونا سٹیٹس اور ماسک وغیرہ کے حوالے سے نرمی برتی جارہی ہے یا چیک ہی نہیں کیا جا رہا ہے۔
جدہ میونسپلٹی نے بتایا کہ اس کی  19 ذیلی بلدیات، 15 گورنریٹوں کے دائرہ کار میں موجود افسران اور 82 فیلڈ ٹیموں نے یہ تفتیشی دورے کیے۔ 67 تجارتی اداروں کو خلاف ورزیوں پر سیل کردیا گیا ہے۔
جدہ میونسپلٹی کے مطابق اس کے افسران مارکیٹوں اور علاقے کے تمام تجارتی مراکز اور مختلف جگہوں کے تفتیشی معائنے کرتے ہیں اور کورونا ایس او پیز کی پابندی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص کہیں بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھے تو وہ میونسپلٹی کے نمبر 940 یا بلدی ایپ پر خلاف ورزی کے حوالے سے شکایت درج کرائے۔
 مشرقی رجن کی بلدیہ نے بتایا کہ اس کے افسران نے مختلف تجارتی مراکز، مارکیٹوں کے 9180 دورے  کیے اور اس دوران مراکز میں 481 خلاف ورزیاں نوٹ کی گئی ہیں ان میں  16 کو نوٹس جاری کرکے سیل کردیا گیا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
.

شیئر: