Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مس یونیورس عرب امارات کے پہلے پندرہ فائنلسٹس کا اعلان

مس یونیورس مقابلے میں سوئمنگ سوٹ والا حصہ نکال دیا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
متحدہ عرب امارات میں ہونے والے پہلے مس یونیورس مقابلے میں شریک 30 فائنلسٹس میں سے پہلے 15 کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مس یونیورس کے منتظمین نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر مقابلے میں حصہ لینے والی ماڈلز کے نام، ان کی عمراور رہائش سے متعلق معلومات شیئر کر دی۔
ان 15 فائنلسٹس میں دبئی سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ دلنوزہ، 24 سالہ ایلما، امیلیا، نٹالیا، انیٹا، 25 سالہ سارہ اور ریم، 26 سالہ بہار اور وکٹوریہ، 27 سالہ فرینکی، 28 سالہ اینا اور اشر شامل ہیں۔
ابو ظہبی سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ جیسمین اور 28 سالہ رزان جب کہ شارجہ سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ ماروہ بھی ان فائنلسٹس میں شامل ہیں۔
مقابلے میں شریک 30ماڈلز میں سے پندرہ کا انتخاب 5 نومبر کو ہوگا جبکہ مس یونیورس عرب امارات کا اعلان 7 نومبر کو دبئی میں لا پرل میں ہونے والی تقریب میں کیا جائے گا۔
جمعرات کو ہونے والے اعلان میں تمام ماڈلز گاؤنز میں ملبوس تھیں جو دبئی سے تعلق رکھنے والے فیشن برانڈ ایماتو کوٹور نے ڈیزائن کیے تھے۔
بدھ کو منتظمین نے اعلان کیا تھا کہ تقریب کے دوران سابق مس لبنان ندین نصیب ججز کے پینل میں شامل ہوں گی۔
مس یونیورس عرب امارات کے انسٹاگرام پیج پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں 37 سالہ لبانی اداکارہ نے کہا کہ ’میں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی اور فخر محسوس کر رہی ہوں کہ مس یونیورس عرب امارات کی ججز کی ٹیم کا حصہ ہوں گی۔‘
مقابلے میں شرکت کے لیے 18 سے 28 سال کی شرط کے علاوہ عرب امارات کا رہائشی ہونا لازمی ہے۔
منتظمین نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ خطے کے کلچر کو مدنظر رکھتے ہوئے مس یونیورس کے مقابلوں میں عام طور پر شامل سوئمنگ سوٹ والا حصہ نکال دیا گیا ہے۔ مقابلے میں حصہ لینے والی ماڈلز اپنا ذاتی بیان دیں گی اور سپورٹس سوٹس کے علاوہ گاؤنز میں ماڈلنگ کریں گی۔
مس یونیورس دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ ہے جس کا آغاز 1952 میں ہوا تھا۔ ماضی میں مس یونیورس مقابلوں کی منتظم کمپنی کے مالک سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رہ چکے ہیں۔
عرب امارات میں ہونے والی تقریب کی کمیٹی میں دبئی یوجن ایونٹس کے بانی اور سربراہ جوش یوجن، دبئی سے تعلق رکھنے والے فیشن ڈیزائنر فرنے اماتو، سابق برطانوی-فلپائنی ملکہ حسن میگی ولسن، فلاحی کارکن الیف میکے، انسان دوست زیل علی اور ایمار کے جنرل منیجر شاریحان المشاری شامل ہیں۔

شیئر: