Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غیرملکی کارکنان پر انحصار کرنے والی 4 ہزار فیکٹریوں کو ڈیجیٹل انڈسٹری میں تبدیل کیا جائے گا‘ 

افرادی قوت کے بجائے مشینی وسائل پر انحصار بڑھایا جائے گا(فوٹو عاجل)
سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے کہا ہے کہ’ غیرملکی کارکنان پر غیر معمولی انحصار کرنے والی چار ہزار فیکٹریوں کو ڈیجیٹل انڈسٹری میں تبدیل کیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ’ اس اقدام سے سعودی نوجوانوں کے لیے مختلف نوعیت کا روزگار مہیا ہوگا- افرادی قوت کے بجائے مشینی وسائل پر انحصار بڑھایا جائے گا‘- 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بندر الخریف نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو فورم میں شرکت کے موقع پر کہا کہ ’سعودی عرب میں آج کل صنعت اور کانکنی کے شعبوں میں روزگار کے مواقع ماضی کے مقابلے میں زیادہ  ہیں۔ دونوں شعبے مقامی شہریوں کے لیے مناسب مواقع مہیا کررہے ہیں‘۔ 
بندر الخریف کا کہنا تھا کہ’ روزگار کے متلاشی مقامی نوجوانوں کو صنعت اور کانکنی کے شعبوں میں موجود ملازمتوں کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا,‘ 
انہوں نے بتایا کہ ’نجی ادارے صنعت اور کانکنی کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں موثر کردار ادا کررہے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ وزارت کا سٹراٹیجک رجحان یہ  ہے کہ دوا سازی اور ویکسین کی تیاری جیسے شعبوں کی سرپرستی کی جائے اور مقامی نوجوانوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے رجحان کو فروغ دیا جائے‘۔

شیئر: