Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلامتی کونسل حوثیوں کے ڈرون حملے بند کرائے، عرب پارلیمنٹ کا مطالبہ

او آئی سی اور دیگر نےجازان پر ڈرون حملے کی مذمت کی ہے۔( فائل فوٹو ایس پی اے)
عرب پارلیمنٹ، عرب وزرائے داخلہ کونسل، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور بحرین نے سعودی عرب کے شہر جازان پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی مذمت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنیس ایس پی اے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے جمعے کو بیان میں کہا کہ’ حوثیوں نے جازان کے بے قصور شہریوں کو بلاجواز نشانہ بنانے کی کوشش کی‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ او آئی سی حوثیوں کی دہشت گردانہ سرگرمیوں  کے ساتھ انہیں فنڈ اور ہتھیار فراہم کرنے والوں کی بھی مذمت ضروری سمجھتی ہے‘- 
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’سرحدوں، ملکی امن و استحکام، شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے تحفظ کے لیے سعودی عرب جو اقدامات کرے گا او آئی سی اس کی سپورٹ کرے گی‘۔
 عرب پارلیمنٹ نے کہاکہ حوثی جان بوجھ کر مملکت کی سول تنصیبات اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ’ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حوثی دہشتگرد ہیں اور وہ جنگی جرائم اور انسانیت سوز جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ان کی سرگرمیاں بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں‘۔
عرب پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ ’وہ دہشت گرد تنظیم کی سرگرمیوں کا نوٹس لے اور شہریوں کو نشانہ بنانے والے مسلسل حملوں کو بند کرائے‘۔
بحرین نے جازان پر حوثیوں کے بارود بردار ڈرون حملے کو بزدلانہ عمل قرار دیا ہے۔
عرب وزرائے داخلہ کونسل نے بیان میں کہا کہ ’حوثیوں کے حملے جنگی جرائم ہیں، ان کے ارتکاب کرنے والوں کا احتساب ضروری ہے‘۔

شیئر: